ڈیفنس کے بنگلے میں لڑکی کی پراسرار ہلاکت کا اہم ملزم سمیر لندن فرار۔ بنگلہ کرائے پر حاصل کیا۔- لندن اور دبئی میں کاروبار ہے- موت نشہ آوور اشیاء کے استعمال سے ہوئی

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ اسد رضا نے تصدیق کی ہے کہ ڈیفنس کراچی کے بنگلے میں لڑکی کی پُراسرار ہلاکت کا اہم ملزم سمیر فرار ہوگیا ہے۔

جناح اسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑ کر جانے والا ملزم زیر حراست

اسد رضا کے مطابق 24 جون کو لڑکی کی لاش پنکی نامی خاتون اور جبران عرف جیری جناح اسپتال چھوڑ کر گئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق جبران عرف جیری کو گرفتار کر کے سی سی ٹی وی کی مدد سے گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق 22 جون بنگلہ بک کرانے والے ملزم کی نشاندہی ہوگئی ہے، فرار ملزم کا لندن اور دبئی میں کاروبار ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی ہے، جس نے ایپ کے ذریعے بنگلہ کرائے پر حاصل کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے گھر پر منشیات کا استعمال کیا، مبینہ طور پر خاتون کی موت نشہ آوور اشیاء کے استعمال سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے روز ہی ملزم سمیر برطانیہ فرار ہوگیا تھا، اس کا ملازم بھی واقعے میں ملوث اور مفرور ہے۔

پولیس کے مطابق 24 جون کو خاتون کی لاش جناح اسپتال لانے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
=====================

بولان میں تیز رفتار پک اپ کھائی میں جاگری، 4خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق
جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے

پنجرہ پل کے مقام پر گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بولان کے علاقے پنجرہ پل کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث ڈاٹسن وین بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت چھ افراد جا ں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ریسکیو کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو سول اسپتال ڈھاڈر منتقل کردیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان اور سبی سے بتایا جاتا ہے۔ جو سبی سے کوئٹہ جارہے تھے کہ راستے میں تیز رفتار کے باعث حادثے کا شکار ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین، مرد اور بچے شامل ہیں۔
======

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت تمام ججز کی تنخواہ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوڈیشری سے کوئی گلا نہیں، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت تمام ججز کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی سمری بھیجی ہوئی ہے، وزیر اعظم اپنی ایڈوائس صدر مملکت کو بھیجیں گے اور نوٹس ہو جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ مراعات بل قومی اسمبلی سے پاس نہیں ہونے دیں گے، ہماری پارٹی کا اصولی فیصلہ ہے چیئرمین سینیٹ کی مراعات کے بل کو سپورٹ نہیں کریں گے، چیئرمین سینیٹ کی مراعات کے بل کو منی بل کا حصہ نہیں بنایا، دفاعی اخراجات کم کرنے کی گنجائش نہیں، سول سروسز کے اخراجات میں کچھ کمی کی گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کیے ہیں، این ایف سی کے شیئر نے بھی وفاقی حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے، سب کو پتا ہے گزشتہ ایک سال سے مشکل حالات ہیں۔

ادھر ریڈیو پاکستان شدید مالی خسارے سے دوچار ہے جس کے سبب اس کے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔ دستاویز کے مطابق ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو اپریل کی تنخواہ نہیں ملی، یہی نہیں ملازمین کی مئی اورجون کی تنخوا ہیں بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ریڈیو پاکستان کے پاس ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن دینے کے لیے پیسے نہیں، فنڈز کی کمی کی وجہ سے اپریل سے جون تک ملازمین کو تنخواہیں نہیں دے سکتے۔
دستاویزات کے مطابق ریڈیو ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں، پنشن اور دیگراخراجات 51 کروڑ 40 لاکھ روپے ہیں جس میں 18 کروڑ 20 لاکھ روپے تنخواہ اور 23 کروڑ 20 لاکھ روپے پینشن کی مد میں ہیں۔ ریڈیو پاکستان نے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے 4 ارب 42 کروڑ 20 لاکھ روپے کے فنڈز مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔ ریڈیو پاکستان پشاور کے اسٹیشن ڈائریکٹر محمد اعجاز خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ریڈیواسٹیشن جل گیا، ملازمین کا ذاتی قیمتی سامان بھی آگ کی نذرہوگیا، ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں، تنخواہیں نہ ملنے پر ملازمین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ اعجاز خان نے مزید کہا کہ ملازمین کو بروقت تنخواہیں دی جائیں تاکہ وہ اپنے گھر کے اخراجات آسانی سے چلا سکے۔
=======