مکیش کھنہ کا آدی پورش کی پوری ٹیم جلا ڈالنے کا مطالبہ

90ء کی دہائی میں ٹی وی سیریل’مہا بھارت‘ کے اداکار مکیش کھنہ نے باکس آفس پر پہلے دن ریکارڈ توڑ بزنس کرنے والی فلم’ آدی پورش‘ کی پوری ٹیم کو زندہ جلا دینے کا مطالبہ کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کئی فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے مکیش کھنہ نے بھی فلم آدی پورش اور اُس کی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ہدایت کار اوم راوت اور ڈائیلاگ رائٹر منوج منتشر کی طرف سے فلم آدی پورش کے دفاع میں بیان سامنے آنے پر مکیش کھنہ نے ردعمل دیا ہے۔

اداکار نے پربھاس اور کریتی سینن کی اسٹار کاسٹ پر مبنی فلم بنانے والوں کو کھری کھری سنادیں۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں فلم آدی پورش کے مکالموں پر مایوسی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی اسے رامائن کے ساتھ خوفناک مذاق قرار دیا۔

مکیش کھنہ نے دعویٰ کیا کہ فلم بنانے والوں نے رامائن کو پڑھا تک نہیں، اسے لوگوں کو تو 50 ڈگری میں کھڑا کرکے جلا ڈالنا چاہیے۔
انہوں نے فلم کے ہدایت کار اور ڈائیلاگ رائٹر پر بھی تنقید کی اور ان پر ہندو مذہب کا مذاق اڑانے کا الزام بھی لگادیا۔

مکیش کمار آدی پورش پر تنقید کرنے والے پہلے اداکار نہیں، اس سے قبل ٹی وی شو ’سیا کے رام‘ میں لکشمن کا کردار نبھانے والے کرن سوچک نے بھی لوگوں سے فلم نہ دیکھنے کی اپیل کی تھی۔

آدی پورش اپنی ریلیز کے ساتھ ہی تنقید کی زد میں ہے، اس کے باوجود فلم نے دنیا بھر میں 400 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے۔