خدیجہ شاہ، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت خارج انسداد دہشتگردی عدالت نے 29 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی

خدیجہ شاہ، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت خارج
انسداد دہشتگردی عدالت نے 29 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی

اہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت خارج کردی جبکہ 29 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے مختلف درخواست ضمانت پر فیصلے جاری کر دیے۔

عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں خدیجہ شاہ اور فہمیدہ بیگم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

یاسمین راشد کی درخواست عدم پیروی اور اعجاز چوہدری کی عسکری ٹاور حملہ کیس میں درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی گئی۔

عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں 6 ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

ملزمان میں علی نواز ایڈووکیٹ، سجاول علی خان، علی احمد، زاہد پرویز، کاشف محمود اور مکرم طاہر شامل ہیں۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت گلبرگ تھانے میں گاڑیوں کو جلانے کے مقدمے میں شبنم جہانگیر، نیئر عرفان، محمد عثمان اور شعیب لطیف سمیت 23 ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔
======================
اسد عمر کے انکشافات نے عمران کو ایکسپوز، خود کو بھی چارج شیٹ کردیا

کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان نے کہا ہے کہ اسد عمر کے انکشافات نے عمران خان کو ایکسپوز اور خود کو بھی چارج شیٹ کردیا، جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف ریفرنس کے معاملے پر بھی تحریک انصاف کا غلط بیانیہ ایکسپوز ہوچکا ہے، ایچ ای سی ، تعلیمی معیار اوپر لے جانے کی بجائے ملک کی شناخت کے نام پر پابندیاں لگانے میں مصروف ہے، شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے دو بڑی خبریں سامنے آئی ہیں، فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف درخواستیں کل سماعت کیلئے مقرر ہوگئی ہیں، اس پر بننے والے لارجر بنچ میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی شامل ہیں جنہیں پہلی بار چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کسی اہم مقدمے کے بنچ میں شامل کیا ہے، آج ہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو 17ستمبر سے چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کوسینئر ترین جج ہونے کے باوجود کسی اہم مقدمے کی بنچ میں شامل نہیں کیا جارہا تھا، نہ ہی چیف جسٹس عمر عطا بندیال انہیں کسی بنچ میں اپنے ساتھ بٹھارہے تھے، یہی صورتحال جسٹس طارق مسعود کے ساتھ بھی تھی لیکن آج جہاں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی آئندہ چیف جسٹس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آتے ہی انہیں بنچ میں شامل کیا گیا بلکہ دوسرے سینئر ترین جج جسٹس سردار طارق مسعود کو بھی بنچ میں شامل کرلیا گیا، گزشتہ روز چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے سینئر وکلاء اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ نے ملاقا ت کی تھی، جس کے بعد لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے ملاقات میں کیسز جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے سے متعلق گفتگو ہوئی ہے، اس سے پہلے یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی سے بھی ملاقات کی ہے، آج یہ خبر آگئی ہے کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی پیپلز پارٹی نے بنیادی رکنیت ختم کردی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اس کیس میں درخواست گزار ہیں، وہ یہ کہتے رہے ہیں کہ میرا ٹرائل فوجی عدالت میں کیا جاسکتا ہے۔ شاہزیب خانزادہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو صرف یہ خطرات نہیں ہیں، تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ کی خبریں مسلسل آرہی ہیں، تحریک انصاف نے پرویز خٹک کی جانب سے پارٹی اراکین کو جماعت سے علیحدگی کی ترغیب دینے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، دوسری طرف تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل اسد عمر کے انکشافات نے جہاں پی ٹی آئی اور عمران خان کو ایکسپوژ کردیا ہے تو وہاں خود کو بھی چارج شیٹ کردیا ہے، یہ واضح کردیا ہے کہ بطور جماعت کیسے تحریک انصاف کے رہنما اپنے ووٹر سپورٹرز کو گمراہ کررہے تھے، جن باتوں کو وہ درست نہیں سمجھتے تھے مگر پھر بھی یہ باتیں پھیلاتے گئے اور عوام کی ذہن سازی کرتے گئے، اسد عمر، فواد چوہدری اور دیگر رہنما آج عمران خان کے کئی فیصلوں سے لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں اور ان کی حکمت عملی کو غلط قرار دے رہے ہیں، مگر جب تک نو مئی کا واقعہ نہیں ہوا تھا تب تک یہی رہنما آگے بڑھ کر عمران خان کی تمام پالیسیوں کا پرچار کرتے تھے۔
===============