اشنا شاہ نے مداحوں کے دل جیت لیے

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے اپنے انسانیت کے جذبے سے مداحوں کے دل جیت لیے۔

اُشنا شاہ جوکہ سوشل میڈیا پر اکثر جانوروں کے حقوق کے لیے اپنی آواز اُٹھاتی نظر آتی ہیں اب حال ہی میں اداکارہ نے دارالسکون میں معذور بچوں اور بزرگ شہریوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔

اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دارالسکون میں بنائی گئی اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّٰہ نےایک موقع دیا فرشتوں سے ملنے کا‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی دوڑ میں ہم اکثر خوشی کے حقیقی جوہر کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ دارالسکون میں میرا دورہ ایک روحانی تجربہ تھا جس نے میری آنکھیں کھولیں اور مجھے یہ احساس دلایا کہ میرے مسائل تو بہت معمولی ہیں۔
اُشنا شاہ نے لکھا کہ یہاں موجود ٹیم جوکہ بے لوث ہوکر معذور بچوں اور بزرگوں کی خدمت کے لیے اپنی زندگی وقف کر رہی ہے، میں نےاُنہیں دیکھ کر انسانیت کی خدمت سے ملنے والی گہری خوشی کو پہچانا۔

اُنہوں نے لکھا کہ اس تجربے نے مجھے اپنے ذاتی اہداف کے انتھک تعاقب پر سوال کرنے پر مجبور کیا، مجھے اس حقیقت کی یاد دلاتے ہوئے کہ اصلی خوشی تو ہمدردی اور بے لوثی کے کاموں میں چُھپی ہے۔

اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ میں آپ سب سے گزارش کرتی ہوں کہ آپ جو کچھ بھی کر سکتے ہیں عطیہ کریں، میں دعویٰ کرتی ہوں کہ ایسا کرنا آپ کے لیے شاپنگ کرنے سے بھی زیادہ خوش کن ہوگا۔

اُشنا شاہ نے آخر میں لکھا کہ دارالسکون جیسی جگہوں پر بھی وقت گزاریں کیونکہ جو خوشی کی گونج وہاں موجود ہے کہیں اور نہیں ہے اور یہ انسان کے لیے اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ اپنی ترجیحات کو دوسروں کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے بعد اپنی زندگیوں کو مقصد اور تکمیل کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

اداکارہ کی اس پوسٹ کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور ان کے دل میں موجود انسانیت کے جذبے کی بھی خوب تعریفیں کی جارہی ہیں۔