واسع چوہدری کو غلطی کا احساس ہوگیا، اوورسیز پاکستانیوں سے معافی مانگ لی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار اور میزبان واسع چوہدری نے اپنے پروگرام میں سمندر پار پاکستانیوں کے خلاف استعمال ہونے والے تضحیک آمیز جملوں کی معافی مانگ لی۔

خیال رہے کہ نجی چینل کے کامیڈی ٹاک شو کے دوران شو میں شریک ایک مہمان نے دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کا مذاق اُڑاتے ہوئے ان کے لئے تضحیک آمیز جملے استعمال کئے اسی اثنا میں واسع چوہدری کی ٹیم کے ایک رکن قیصر پیا نے پنجابی زبان میں جُگت مارتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کا مزید مذاق اُڑانے کی کوشش کی۔

بعدازاں مذکورہ کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوگیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اس کامیڈی ٹاک شو کی پوری ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی معاشی حالات کو دیار غیر میں بیٹھے ان ہی پاکستانیوں نے سنبھالے رکھا ہے۔
تاہم اب مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے واسع چوہدری نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے اپنی پوری ٹیم کی جانب سے سرعام باقاعدہ معافی طلب کرلی ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت اور قربانیوں کو سراہا ہے اور کہا کہ ’غلطیاں اپنوں سے ہی ہوتی ہیں‘۔
کامیڈی ٹاک شو کے کامیڈین قیصر پیا نے بھی اپنی غلطی پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں سے معافی مانگ لی۔