عاطف اسلم کنسرٹ کے دوران گانے کے بول بھول گئے

عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم جنہیں سُروں کا بےتاج بادشاہ بھی کہا جاتا ہے کنسرٹ کے دوران گانے کے بول بھول گئے۔

مختلف سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ویڈیو میں عاطف اسلم کو لائیو کنسرٹ کے دوران اپنی سُریلی آواز میں گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسی اثنا میں گلوکار بھارتی اداکار راج کپور کی مشہور زمانہ فلم ’اناڑی‘ کا مقبول گیت ’کسی کی مسکراہٹوں پر ہو نثار‘ کے چند بول گانے کے بعد بھول جاتے ہیں تاہم وہ اپنے سُروں کو نہیں چھوڑتے بلکہ اسی انداز میں کنسرٹ کے شرکاء کو انگریزی زبان میں آگاہ کرتے ہیں کہ ’میں لیرکس بھول گیا ہوں، اب مجھے نہیں معلوم‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لندن میں ہونے والے کنسرٹ سے بھی گلوکار کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھی، جس میں انہیں پنجابی گانوں پر اپنی آواز کا جادو چلاتے اور بھنگڑے ڈالتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔