کیا آپ جانتے ہیں فلم ’ڈان‘ قرضہ اتارنے کیلئے بنائی گئی تھی؟

نامور بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن کی فلم ’ڈان‘ کو فلم ساز نریمان ایرانی نے قرض کی ادائیگی کیلئے پروڈیوس کیا تھا۔

امیتابھ بچن نے اپنے فلمی کیریئر میں بہت سی بلاک بسٹر فلمیں پیش کی ہیں۔ انہیں فلموں میں ان کی 1978 میں ریلیز ہونے والی فلم ڈان شامل تھی جس نے بالی ووڈ کے شہنشاہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈان بالی ووڈ باکس آفس پر ایک سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس میں زینت امان، پران اور ستیندرا کپور جیسے مشہور و معروف اداکاروں نے کام کیا۔

تاہم یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ پروڈیوسر فلم کی ریلیز کے وقت بہت زیادہ مالی بحران کا شکار تھے۔ لیکن یہ فلم بلاک بسٹر بن گئی۔ جس نے باکس آفس پر تقریباً 7 کروڑ روپے کما لیے اور یہ اپنے وقت کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک تھی۔

یہ فلم ناریمان ایرانی کی پیشکش تھی، جو اس وقت قرض میں ڈوبے ہوئے تھے اور بہت کم ہی لوگوں کو یہ معلوم ہوگا کہ ناریمان ایرانی نے اس فلم کو قرضہ اتارنے کےلیے پروڈیوس کیا تھا۔

بدقسمتی سے فلم مکمل ہونے سے پہلے ہی ناریمان کی ایک حادثے میں موت ہوگئی۔

خیال رہے کہ ناریمان ایرانی کی فلم ’زندگی زندگی‘ بالی ووڈ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی تھی۔ جس کی وجہ سے وہ 12 لاکھ روپے کے مقروض ہوگئے تھے۔