رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لیں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، شہدا کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں،اگلے سیشن میں استعفی جمع کرا دوں گا۔ملک شہزاد اعوان کی پریس کانفرنس

کراچی سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے نو مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ملک شہزاد اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے۔شہدا کی بےحرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ جب چاہا عمران خان سے ملا انہوں نے ہمیشہ تعاون کیا،ان کا شکرگزار ہوں۔
جن کے احسانات ہوتے ہیں ہم اپنی اگلی نسلوں کو بھی بتاتے ہیں۔علی زیدی ،آفتاب صدیقی ہوں، حلیم عادل ہوں ،خرم شیرزمان ہوں سب نے ہمیشہ عزت دی۔ سندھ اسمبلی کے آنے والے سیشن میں استعفی جمع کرا دوں گا۔ علاوہ ازیں ملتان سے پی ٹی آئی کی سابق رکن صوبائی اسمبلی سبین گل نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

سبین گل کا کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ پرامن سیاست کی، کبھی جلاؤ گھیراؤ میں ملوث نہیں رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ طبعیت ناساز ہے،سیاست کو جاری نہیں رکھ سکتی۔فی الحال سیاست سے بریک لے رہی ہوں، اپنے بچوں اور صحت پر توجہ دینا چاہتی ہوں۔جب کہ پی پی 68 سے تحریک انصاف کے امیدوار قمر خان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کی شرپسند کارروائیوں کی مذمت کرتا ہوں، واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، شہدا کی یادگار اور دفاعی تنصیبات پر حملوں کی بھی شدید مذمت کرتا ہوں۔
قمر خان نے کہا کہ پاک فوج اس ملک کی محافظ ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں، آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل سپورٹرز کی مشاورت سے طے کروں گا، الیکشن 2018 میں میری کارکردگی پر عمران خان نے مجھے ٹکٹ دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابق رکن صوبائی اسمبلی عائشہ اقبال کا پی ٹی آ ئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔اتوار کے روز یہاں پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سیاست اور پی ٹی آ ئی سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہوں،میرے اوپر پارٹی چھوڑنے کیلئے کوئی دبائو نہیں۔
عائشہ اقبال نے کہا کہ مجھے خون خرابے والی سیاست پسند نہیں اسی لئے سیاست چھوڑ رہی ہوں ، اللہ پاکستان کو سلامت رکھے ،دعا ہے کہ پاکستان ترقی کر ے اور دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما پارٹی سے علیحدہ ہو چکے ہیں، ایسی سیاست مجھے پسند نہیں جس میں ہمارے اپنے لوگ آپس میں لڑیں۔