بہاولپور کا خبرنامہ

بہاولپور کا خبرنامہ

===================
بہاول پور( محمد عمر فاروق خان )حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مظلوم بلوچ عوام کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی پرامن آئینی جدوجہد دشمن کی آنکھ میں کھٹکتی ہے، مگر دشمن کی تمام چالیں ناکام ہوں گی اور جماعت اسلامی کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہچان لیں مخلص ، نڈر اور درد دل رکھنے والی قیادت میں کون آزمائش کی گھڑی میں بھی جرات و بہادری کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو تاکید کی کہ امیر جماعت کے بفضل خدا محفوظ ہونے پر شکرانے کے نوافل اور حسب توفیق صدقہ کا اہتمام کیا جائے’

بہاول پور(محمد عمر فاروق خان ) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی فول پروف سیکیورٹی کی ایس او پی کے تحت ڈی پی او سید محمد عباس کی ہدایت پر اتوار کے روز مسیحی عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔جن پر سینکڑوں کی تعداد میں پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے تھے، چھتوں پر بھی پولیس ملازمان کو تعینات کیا گیا۔ ضلع کے سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے جاری شدہ سیکیورٹی پلان
کے مطابق ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ بریف کیا اور ڈیوٹی الرٹ رہ کر سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں سیکیورٹی سکینینگ کے آلات کی انسٹالیشن اور ورکنگ کے ساتھ ساتھ جامعہ تلاشی کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ سول پارچات میں سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ معاونین اداروں نے بھی اردگرد کے ماحول اور غیر متعلقہ افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھی۔ اس موقع پر ڈی پی او سید محمد عباس نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے حوالے سے دیگر سیکیورٹی فرائض کے ساتھ عبادت گاہوں میں بھی سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، ایسے مقامات کی سیکیورٹی جہاں پر عوام الناس بھاری تعداد میں جمع ہوں ایسی جگہوں پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے، مسیحی برادری سمیت تمام شہریوں کی حفاظت ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے۔
======================

بہاول پور(محمد عمر فاروق خان ) سماجی رہنماء عادل عباسی نے کہا ہے کہ 24 مئی کومحسن پاکستان نواب سر صادق محمد خان عباسی خامس کی یوم وفات کے طور منایا جاتا اور بہاول پور ڈویژن میں سرکاری طور پر عام تعطیل کی جاتی ہے جو کہ خوش آئند ہے مگر چونکہ والئی ریاست کو محسن پاکستان کا خطاب دیا گیا تھا اس لیے بہاول پور ڈویژن میں عام تعطیل کی بجائے حکومت اس محسن پاکستان کی پاکستان کے لیے کی گئی خدمات کے اعتراف میں 24 مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرئے ۔
======================

بہاول پور( محمدعمرفاروق خان ) ریجنل یونین آف جرنلسٹس سندھ کی تنظیم سازی ،عادل علی صوبائی صدر اور شہباز علی اسدی صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مقرر۔ ریجنل یونین آف جرنلسٹس سندھ کی تنظیم سازی ،عادل علی صوبائی صدر اور شہباز علی اسدی صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مقرر نوٹیفکیشن جاری۔تفصیلات کے مطابق ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور مرکزی صدر سید شفقت حسین گیلانی کی منظوری کے بعد نوجوان صحافی عادل علی کو ریجنل یونین آف جرنلسٹس سندھ کا صوبائی صدر اور شہباز علی اسدی کو صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سندھ مقرر کردیا ہے ۔جس کا مرکزی سیکرٹری جنرل عابد حسین مغل نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے
=======================