پی ٹی آئی کو دہشت گردجماعت قرار دے کر پابندی عائد کی جائے،قاضی زاہد

پی ٹی آئی کو دہشت گردجماعت قرار دے کر پابندی عائد کی جائے،قاضی زاہد

فوجی ایکٹ کے تحت غداری و بغاوت کے مقدمات قائم کرکے کیفر کردار تک پہنچایاجائے،
ملکی امن و سلامتی سے کھیلنے والے دہشت گرد کسی رو رعایت کے مستحق نہیں، رہنماء (ن) لیگ

کراچی (نعیم اختر) مسلم لیگ ن کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری قاضی زاہد نے کہا کہ قومی ورثہ جناح ہاؤس، کورکمانڈر ہاؤس، ایم ایم عالم کا طیارہ، فوجی تنصیبات، شہدائکی یادگاروں و دیگر سرکاری و عوامی املاک کو نذرآتش کئے جانے کے قیامت خیز،شر انگیز،اشتعال انگیز سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سانحہ کے ذمہ داروں وسہولت کاروں کے خلاف سخت سزاکا قانون منظور کرنے کا پرزور مطالبہ کیاہے اور سانحہ 9مئی کو اسلام و ملک دشمن بھارت، اسرائیل واستعماری قوتوں کی نمک حلالی وخوشنودی کیلئے سوچی سمجھی منظم سازشوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ عاصم منیراور افواج پاکستان کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کااظہارکیاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں 75سالوں میں ملک کو اتنا نقصان نہیں پہنچاسکیں جتنا نقصان ایک نام نہاد سیاسی جماعت کے دہشت گردوں نے چند گھنٹوں میں پہنچایا۔ عمران خان نیازی نے نوجوانوں کو پاک فوج کیخلاف اکسایا، پی ٹی آئی کو دہشت گردجماعت قرار دے کر پابندی عائد کی جائے۔ ملکی امن و سلامتی سے کھیلنے والے دہشت گرد کسی رو رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف فوجی ایکٹ کے تحت غداری و بغاوت کے مقدمات قائم کرکے کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔ہم پاکستان کی بنیادی، اسلامی، نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنے اکابر و اسلاف علمائے دیو بند کے تاریخی روشن کردار و افکار کو زندہ رکھیں گے اور ناجائز ریاست اسرائیل کو کسی صورت تسلیم اور پاکستان کو یہودی کالونی کا حصہ نہیں بننے دیں گے۔