یواے ای میں پہلا روزہ ۲۳ مارچ جمعرات سے ہوگا،

ابوظبی (رپورٹ: اعجاز کھوکھر) متحدہ عرب میں کہیں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث یکم رمضان المبارک جمعرات 23 مارچ کو ہوگی اور ماہرین فلکیات کے مطابق رواں سال رمضان المبارک کا ماہ 29 دن پر مشتمل ہوگا جس کے سبب عید الفطر 21 اپریل بروز جمعہ ہونے کا امکان ہے اور امارات کے شہری 4 چھٹیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ متحدہ عرب امارات کی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بعد نماز مغرب محکمہ قانون ابوظبی میں ہوا۔ وزیر انصاف عبداللہ سلطان بن عواد النعیمی کی زیرصدارت منعقدہ اس اجلاس میں کئی اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یہ 4 برس میں پہلا موقع ہے کہ جب ماہ مقدس کرونا پابندیوں کے بغیر گزارا جائے گا۔ 2020، 2021 اور 2022 کچھ پابندیاں لاگو تھیں جن میں ماسک کا استعمال، سفر، اجتماعات اور مساجد میں جانے کے ضابطے شامل تھے۔ رواں سال، رہائشی کسی بھی قسم کی پابندی کے بغیر دوستوں اور اہلخانہ کے لئے افطار کا اہتمام کرسکتے ہیں۔ ملک میں مساجد یا عوامی مقامات پر نمازیوں کو ماسک پہننے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
متحدہ عرب امارات میں منگل سے موسم بہار کا آغاز ہوچکا ہے جس کے دوران عموما موسم خوشگوار رہتا ہے۔ موسم بہار کے آغاز کے ساتھ ہی رمضان بھی شروع ہورہا ہے اور جس میں اس مرتبہ روزوں کا دورانیہ کم ہوگا۔ رمضان کے آغاز پر روزے کا دورانیہ ساڑھے 13 گھنٹے ہوگا جو اختتام تک 14 گھنٹے اور 13 منٹ تک پہنچ جائے گا۔
رمضان المبارک 1444 کے دوران درجہ حرارت 17 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
=================