روس کی پانچ معروف جامعات کے سات رکنی وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ


روس کی پانچ معروف جامعات کے سات رکنی وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ

روس کی پانچ معروف جامعات کے سات رکنی وفد نے بدھ کے روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔سات رکنی وفد پیروگوف رشین نیشنل ریسرچ میڈیکل یونیورسٹی،قازن فیڈرل یونیورسٹی،سینٹ پیٹرز برگ اسٹیٹ یونیورسٹی آف انڈسٹریل ٹیکنالوجیز اینڈ ڈیزائن،یورل فیڈل یونیورسٹی اور رشین اسٹیٹ اگرارین یونیورسٹی کے نمائندوں پر مشتمل تھا۔ دوران ملاقات دونوں ممالک کی جامعات کے مابین تحقیقی وتدریسی سرگرمیوں پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر رئیسہ کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ بانو،رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس،رئیسہ کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی،رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، رئیس کلیہ قانون جامعہ کراچی جسٹس ریٹائرڈحسن فیروزودیگر بھی موجوتھے۔

دریں اثناء مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے وفد کو جامعہ کراچی کی تاریخ اور کیمپس میں ہونے والی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔جامعہ کراچی اور روسی وفد نے متفقہ طور پر دونوں ممالک کی جامعات میں مشترکہ تعلیمی پروگرام شروع کرنے اورفیکلٹی ایکسچینج پروگرام پر زوردیاتاکہ دونوں ممالک کے جامعات کی فیکلٹی اور طلباوطالبات کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسرآسکیں۔

جامعہ کراچی اور روس کی مختلف جامعات سے آئے ہوئے وفد نے باہمی اشتراک سے تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اوربین الاقوامی جریدوں میں اس کی اشاعت کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی جامعات کے باہمی اشتراک سے سیمینارز،ورکشاپس اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی زوردیاگیا۔