جینیلیا ڈی سوزا 10سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کیلئے تیار

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا 10 سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔

جینیلیا ڈی سوزا نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اپنے کیرئیر میں طویل وقفہ لینے کی وجہ بتادی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ فلم کے بارے میں اچھے رویوز سننے سے حوصلہ افزائی ہوتی ہے، اس لیے میں واقعی بہت پرجوش ہوں کیونکہ جب کوئی 10 سال کے طویل وقفے کے بعد اس انڈسٹری میں دوبارہ کام شروع کرتا ہے تو اسے ہمیشہ ایسے لمحات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں یہ وہ سوچنے پر مجبور ہوتا ہے کہ کیا آپ واقعی اب بھی اسکرین پر اہمیت رکھتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جب اداکار کے کام کی تعریف کی جاتی ہے تو اسے بہت اچھا محسوس ہوتا ہے، فلم کی کامیابی میں اضافے کی وجہ بننا ایک بہت ہی میٹھا اور حیرت انگیز احساس ہے۔

جینیلیا ڈی سوزا نے کہا کہ میرے کام کی جب تک تعریف ہورہی ہوتی ہے تو میں اس وقت سے بہت لطف اندوز ہوتی ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ لیکن میں حقیقت جانتی ہوں کہ یہ سب عارضی ہے، ابھی جبکہ یہ وقت چل رہا ہے تو میں واقعی اپنے اس سفر کے بارے میں بہت پرجوش ہوں۔

اُنہوں نے کیریئر سے وقفہ لینے کے بارے میں کہا کہ میں نے یہ وقفہ اس لیے لیا کیونکہ میں یہ اپنے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی اور میں اپنی فیملی بنانا چاہتی تھی اور مجھے اپنے کیریئر سے متعلق یا کسی بھی نئی فلم میں کام کرنے کے فیصلے پر اعتماد محسوس نہیں ہو رہا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس لیے میں نے کیریئر سے وقفہ لینے کا فیصلہ کرلیا اور آج حقیقی زندگی میں ایک گھریلو خاتون، بیوی اور ماں کا کردار ادا کرنے کے بعد اپنے اس فیصلے پر خوشی محسوس کر رہی ہوں کیونکہ اس ایک فیصلے نے میری پوری شخصیت کو تشکیل دیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ آج میرا اپنا ایک پروڈکشن ہاؤس اور میوزک کمپنی ہے، یہ سب کچھ صرف اس لیے ممکن ہوا کیونکہ میرے پاس اس کے بارے میں سوچنے کا وقت تھا۔

جینیلیا ڈی سوزا نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران مجھے یہ بھی پتہ چلا کہ میں اداکاری کے علاوہ بھی کچھ اور کر سکتی ہوں۔

واضح رہے کہ اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا نے اپنے ساتھی اداکار رتیش دیش مکھ سے 2012ء میں شادی کی تھی اور اب وہ دو بیٹوں ریان اور راہیل کی ماں ہیں۔