عثمان مختار کی شارٹ ہارر فلم ’گلابو رانی‘ نے مزید 7 بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لئے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایت کار اور سینماٹوگرافر عثمان مختار کی شارٹ ہارر فلم ’گلابو رانی‘ نے مزید 7 بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لئے۔

فوٹو ایند ویڈیوشیئرنگ پلٹفارم انستاگرام پر اعزازات کی فہرست مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے عثمان مختار نے اللہ اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔

عثمان مختار نے انسٹا پوسٹ کے ذریعے اعزازات کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ گلابو نے انڈیپنڈنٹ شارٹس ایوارڈز لاس اینجلس میں 4 ایوارڈز جیتے جن میں بہترین شارٹ ہارر فلم، بہترین ساؤنڈ ڈیزائن، بہترین ہدایت کار میل، بہترین سینماٹوگرافی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی شارٹ ہارر فلم کو انڈی ایکس فلم فیسٹ ایل اے میں 2 ایوارڈز سے نوازا گیا جن میں بہترین شارٹ ہارر فلم، بہترین ہدایت کار میل شامل ہیں جبکہ 1 ایوارڈ انڈی شارٹ فیسٹ ایل اے میں بہترین شارٹ ہارر فلم کی کیٹیگری میں ملا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فلم کے مرکزی کردار اُسامہ جاوید حیدر بھی بہترین اداکار کا بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں اس کے علاوہ ’گلابو رانی نے لاس اینجلس سائنس فکشن ہارر فلم فیسٹیول میں بہترین مختصر فلم کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔