محمد حسنین نے پاکستان سپر لیگ 8 سے متعلق اہداف بتادیے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد حسنین نے ایونٹ سے متعلق اپنے اہداف بتادیے۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں محمد حسنین نے کہا کہ پی ایس ایل 8 میں نمبر ون بولر بننا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹرافی جتوانا میرے اہداف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کےلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تیاریاں اچھی ہیں، پہلے پریکٹس سیشن میں سب کافی اچھی فٹنس میں لگ رہے ہیں۔

محمد حسنین نے مزید کہا کہ کافی محنت کی ہے، جو تیاریاں کی ہیں، اب اس کو استعمال کرنے کا وقت آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری بولنگ میں کافی بہتری آئی ہے، دن بدن بہتر ہو رہا ہوں، ٹارگٹ ہے کہ ایونٹ میں سارے بیٹرز کو آؤٹ کروں اور سب کی وکٹ لوں۔
فاسٹ بولر نے یہ بھی کہا کہ کوئی ایک بیٹر نہیں، جو سامنے آئے گا اس کی وکٹ لینے کی خواہش ہے، نوجوان بولرز کو یہی مشورہ دوں گا کہ یہاں اپنا 100 فیصد دیں۔

انہوں نے کہا کہ لائن میں لگا تھا، پی ایس ایل میں موقع ملا تو پرفارمنس دے کر توجہ حاصل کی، پاکستان سپر لیگ ہر کسی کےلیے اچھا موقع ہے کہ سب کی توجہ حاصل کریں۔

محمد حسنین نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں ٹیم کافی اچھا کھیل رہی ہے، سرفراز احمد کی کپتانی کو بہت انجوائے کرتا ہوں، وہ کافی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، وہ دراصل دل سے کپتانی کرتے ہیں۔