کامران اکمل نے مختلف صلاحیتوں سے اپنے کیرئیر کی نئی اننگز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ نئی ذمہ داریوں کے باعث اب کرکٹ نہیں کھیل سکوں گا، جب بھی موقع ملے گا تھوڑی بہت لیگ کھیل لوں گا۔سلیکٹر بننا اور کوچنگ کرنا ایک نیا رول ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس پلیر ہے، اس کی بیٹنگ میں کوئی خامی نہیں، ان کا زلمی میں آنا خوش آئند ہے۔

اسپنرز جہاں بابر اعظم کو پریشان کرتے ہیں، اس پر کام کر رہے ہیں، وہ بہترین کھلاڑی ہے، کپتانی میں جو خامیاں ہیں اس پر بات کی ہے۔کامران اکمل نے کہا کہ بابر میرا بھائی ہے، مجھے اس کی تعریف کرنے کی ضرورت نہیں، میں نے کبھی عمر اکمل اور عدنان اکمل کی بھی تعریف نہیں کی، میں چاہتا ہوں میرے بھائیوں کی تعریف دنیا کرے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ کوئٹہ اور پشاور کا میچ ہمیشہ سے کانٹے کا ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بابر کے ساتھ اوپنر کون ہوگا یہ فیصلہ ڈیرن سیمی اور بابر کریں گے، ڈیرن سیمی کے ہونے سے بابر کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔
===================