تیسرا ون ڈے، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 281 رنز کا ہدف دیدیا

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن ون ڈے میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 280 رنز بنائے اور مہمان ٹیم کے لیے 281 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی ابتدائی 2 وکٹیں صرف 21 رنز پر گر جانے کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے 154 رنز کی شراکت قائم کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی بہادری سے نیوزی لینڈ کی بولنگ لائن کا مقابلہ کیا، محمد رضوان 175 کے مجموعی اسکور پر 74 گیندوں پر 77 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اس دوران 6 چوکے لگائے۔

فخر زمان نے اس کے بعد اپنی سنچری مکمل کی، وہ 191 کے مجموعے پر 101 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 225 کے اسکور پر حارث سہیل 22 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، اگلی وکٹ محمد نواز کی گری جو صرف 8 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، اس کےبعد اُسامہ تیز کھیلنے کی کوشش میں 2 گیندوں پر 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، یوں پاکستان کی 7 وکٹ 247 رنز پر گر گئیں۔

آغا سلمان 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے انہوں نے اس دوران 1 چھکا اور 4 چوکے لگائے، اُس وقت قومی ٹیم کا اسکور 8 وکٹ پر 270 ہوچکا تھا۔

محمد وسیم 276 کے اسکور پر 7 رنز بناکر پویلین لوٹنے والے آخری کھلاڑی تھے، اس کے بعد آخری گیند پر محمد حسنین نے 4 لگایا اور ٹیم کا اسکور 280 رنز تک پہنچا دیا۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم یہ پارٹنرشپ صرف 2 رن اور 2 اوورز تک ہی قائم رہ سکی۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے شان مسعود کو صفر پر آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 6.3 اوورز میں 21 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم کو 4 رنز پر مائیکل پریسویل نے اسٹمپ آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، شان مسعود اور محمد حسنین کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

بابر اعظم نے بتایا کہ امام الحق انجرڈ ہیں اور نسیم شاہ بیمار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بولرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا ہے۔