MARSEW-5 – پانچویں میری ٹائم سیکورٹی ورکشاپ (MARSEW-5) کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کا پیغام

پانچویں میری ٹائم سیکورٹی ورکشاپ (MARSEW-5) کے موقع پر
چیف آف دی نیول اسٹاف کا پیغام

یہ میرے لیے نہایت اطمینان کا باعث ہے کہ پاک بحریہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں پانچویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ 2022(MARSEW-5) کا انعقاد کررہی ہے۔ یہ ورکشاپ 2017سے پاک بحریہ کی ایک اہم سالانہ تقریب کی حیثیت اختیار کرچکی ہے۔ میرے لیے یہ امر باعثِ مسرت ہے کہ علمی حلقے اوردیگر ادارے MARSEWمیں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ قومی سطح پر میری ٹائم آگہی کے فروغ کے لئے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں جو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی رجحانات سے ہم آہنگ ہوں۔
سمندروں اور ان سے وابستہ مسائل کا ادراک اکیسویں صدی میں اقوام کی معاشی سیکیورٹی اور عالمی جغرافیائی سیاست میں مرکزی کردار کا حامل ہے۔ پاکستان کے لئے ممکن نہیں ہے کہ ہم بلیواکانومی یا بحرِہند اور اس کے ملحقہ علاقوں میں رونما ہوتی تبدیلیوں کو نظر انداز کر سکیں۔ پاکستان کا معاشی مستقبل سمندروں سے وابستہ ہے جو نوع انسانی کی بقا کی آخری امید ہے، اگرچہ سمندر اور ساحل نوع انسانی کا مشترکہ ورثہ سمجھے جاتے ہیں تاہم سمندری وسائل کی اہمیت کے پیشِ نظر ان پر حقوق کی دعویداری بڑھتی جارہی ہے جس کی اس سے قبل تاریخِ انسانی میں مثال نہیں ملتی۔
بحرِ ہند میں وقوع پذیر ہوتی تبدیلیاں پاکستان کے میری ٹائم افئیرز پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔ پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی برائے2026-2022کا محور جغرافیائی تزویراتی پہلو کی بجائے جغرافیائی معیشت ہے جس کا مطلب ہے کہ قومی سلامتی کی اسکیم میں معاشی اور انسانی ترقی کے پہلووؤں کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ اس تناظر میں ملکی محفوظ سمندری ماحول سے پیدا ہونے والی ملکی، معاشرتی اور معاشی ترقی کے لئے بلیو اکانومی کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
اقوامِ متحدہ کا سمندروں سے وابستہ پائیدار ترقی کا ایجنڈا تمام بڑے اسٹیک ہولڈرز بشمول حکومتی اداروں، پالیسی سازوں، این جی اوز، سائنسدانوں اور محققین اور مقامی افراد سے متقاضی ہے کہ وہ سمندری و سائل کے بچاؤ اور دیرپا استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ بہتری اور بقاء کے چیلنجز سے نبردآزما ہواجاسکے۔ اس طرح نہ صرف ہم سمندری وسائل سے مستفید ہوسکیں گے بلکہ قومی سلامتی کی کاوشوں کو بھی بہتر بنایاجاسکے گا۔ پاکستان کے سمندری وسائل کے حوالے سے آگہی کا فروغ اور ان کی ملکی سلامتی کے ساتھ تعلق کی اہمیت اجاگر کرنا ہی MARSEWکا سب سے اہم مقصد ہے۔
میں امید کرتا ہوں MARSEWکے تمام شرکاء پاکستان نیوی وار کالج کے ساتھ خوشگوار وقت گزاریں اور یہ ورکشاپ ان کے لئے علم اور معلومات کے نئے دروا کر سکے گی۔