ایس ایم منیر کے انتقال سے کورنگی ایسو سی ایشن شفیق سرپرست سے محروم ہوگئی، فرازالرحمان بزنس کمیونٹی کے رہنما ایس ایم منیر جیسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، ان کا خلاء کبھی پر نہیں ہوسکتا، زبیر چھایا

ایس ایم منیر کے انتقال سے کورنگی ایسو سی ایشن شفیق سرپرست سے محروم ہوگئی، فرازالرحمان
بزنس کمیونٹی کے رہنما ایس ایم منیر جیسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، ان کا خلاء کبھی پر نہیں ہوسکتا، زبیر چھایا
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے عہدیداران ، مجلس عاملہ اور اراکین کا ایس ایم منیر کے انتقال پر اظہار تعزیت
کراچی( ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان، سی ای او کائیٹ لمیٹڈ زبیر چھایا،سینیٹر عبدالحسیب خان، سینئر نائب صدرنگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی ، کاٹی کے سابق چیئرمین وصدور، مجلس عاملہ کے اراکین اور ممبران نے سرپرست اعلی ایس منیر اور بزنس کمیونٹی کے متفقہ ممتاز تاجر رہنماایس ایم منیر کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور دعائے مغفرت کی ہے۔ فراز الرحمان نے کہا کہ بھائی جان ایس ایم منیر کے انتقال سے تاجروں کے حق میں اٹھنے والی ایک توانا اور نمایاں آواز خاموش ہوگئی، ان کی دنیا سے رخصتی پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر کے جنازے میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ کاروباری، سماجی ، دینی اور دیگر خدمات میں پیش پیش رہتے تھے اور لوگ ان سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ انہوں نے لاکھوں افراد کو سوگوار چھوڑا ہے۔فراز الرحمان نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے لیے ایس یم منیر بھائی جان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکیں گی۔ صدرکاٹی فراز الرحمان نے کہا کہ کاٹی اور فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے ایس ایم منیر نے ہمیشہ صنعت کاروں کے مسائل کے لیے آواز اٹھائی، تاجر برادری کی بے باک قیادت کے طور پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ایس ایم منیر کی قائدانہ صلاحیت ہی تھی جس نے ملک بھر کے تاجروں کو متحد کرکے ایک لڑی میں پرو کر رکھا ہوا تھا ۔ایس ایم منیر ایک عظیم انسان اور عظیم پاکستانی تھے، وہ ہماری قوم اور بزنس کمیونٹی کا فخر تھے اور انسانیت کے لیے ان کی خدمات لازوال ہیں۔ کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم منیر بھائی جان کی وفات تاجر و صنعتکاروں اور قوم کا بہت بڑا نقصان و قومی سانحہ ہے۔ایس ایم منیر کے انتقال سےکاٹی ایک شفیق سرپرست سے محروم ہوگیا۔ ایس ایم منیر جیسی مایہ ناز شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، جن کا خلاء کبھی پورا نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر نہ صرف ایک تاجر رہنما تھے بلکہ ایک سماجی اور انسانیت کی خدمت کرنے والے انسان بھی تھے جن کے انتقال سے ہزاروں افراد جو ان کی زیر کفالت تھے یتیم ہوگئے۔ اس موقع پر کاٹی کے عہدیداران ، نے مرحوم کی روح کے ایصال و ثواب اور بلند درجات کے لیے دعا کی اور کہا کہ ایس ایم منیر بھائی جان انسانیت کے علمبردار اور ان تمام لوگوں کے لیے ایک مثال تھے جو کمیونٹی کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

منیر بھائی جان کے ساتھ آخری یاد گار تصویر
=================================