اِدھر بھی جاؤں گا اُدھر بھی جاؤں گا، ہمایوں سعید نے شان کو جواب دے دیا

پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے شان شاہد کو پاکستانی فلموں پر تنقید کا جواب دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہمایوں سعید نے شان شاہد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اِدھر بھی جاؤں گا اور اُدھر بھی جاؤں گا اور ’ضرار‘ دیکھنے بھی جاؤں گا۔

ہمایوں سعید نے شان شاہد کی نئی آنے والی فلم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان شاہد نے کسی اداکار یا فلم کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ پاکستانی ڈائریکٹرز یا رائٹرز اِدھر نہیں جاؤں گی، اُدھر نہیں جاؤں گی سے نکل کر نئے موضوعات کی طرف آئیں۔

شان شاہد کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹرز یا رائٹرز بہت سے موضوعات پر ہاتھ نہیں ڈال رہے، سائنس فکشن اور ہارر فلموں کو ہم استعمال ہی نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ ہمایوں سعید کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ رواں برس ریلیز ہوئی تھی، جس کی کاسٹ میں مہوش حیات اور کبریٰ خان بھی شامل تھیں۔

اس سے قبل ایسے ہی ملتے جلتے نام پر مشتمل ہمایوں سعید کی فلم پنجاب نہیں جاؤں گی 2017ء میں ریلیز ہوئی تھی جس میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ شان شاہد کی نئی فلم ’ضرار‘ 25 نومبر کو پاکستان سمیت کئی ممالک میں ریلیز ہورہی ہے۔

اس فلم میں مرکزی کردار شان شاہد نبھا رہے ہیں جبکہ وہ خود اس کے ہدایتکار بھی ہیں۔