گورنرسندھ کانارتھ ناظم آباد کمیونٹی پولیسنگ سینٹر کا دورہ گورنر سندھ کو منصوبہ سے متعلق بریفنگ دی ۔اس طرح کے سینٹرز کا قیام خوش آئند ہے

گورنرسندھ کانارتھ ناظم آباد کمیونٹی پولیسنگ سینٹر کا دورہ
گورنر سندھ کو منصوبہ سے متعلق بریفنگ دی ۔اس طرح کے سینٹرز کا قیام خوش آئند ہے ۔ گورنر سندھ

کراچی ( اکتوبر 20 )

گورنرسندھ کامران خان ٹیسور ی نے نارتھ ناظم آباد میں کمیونٹی پولیسنگ سینٹر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پرکمیونٹی پولیسنگ کے چیف مراد علی سونی ، ڈپٹی چیف خواجہ جمال سیٹھی بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ نارتھ ناظم آباد سینٹر کا قیام 2مارچ 2021 ءمیں ہوا ، اس سینٹر کے تمام اخراجات تاجر برادری خو د کرتی ہے ۔ اس طرح کے مزید10 کنٹرول اینڈ کمانڈ رومز شہر کے 7 اضلاع میں قائم کئے جارہے ہیںجن میں ملیر سٹی ، سولجر بازار ، کلفٹن ، ڈیفنس، کورنگی انڈسٹریل ایریا، منگھوپیر اور کیماڑی شامل ہیں، ان کنٹرول رومز کے ذریعہ جرائم میں ملوث عناصر کی نشاندہی ہوتی ہے جس کے ساتھ ان کے باعث جرائم کی شرح بھی کم ہورہی ہے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کنٹرول اینڈ کمانڈ روم کا قیام خوش آئند بات ہے بلاشبہ جرائم پر کنٹرول کرنے میں سینٹر کلیدی کردار ادا کررہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات قابل ستائش ہیں ، اس طرح کے اقدامات سے جرائم پر کنٹرول یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی کو ہر صورت سیف سٹی بنایا جائے گاکیونکہ امن وامان کے قیام سے ہی سرمایہ کاری بڑھے گی جبکہ شہر میں معاشی، سماجی، اقتصادی اور دیگر سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آج اس کنٹرول اینڈ کمانڈ روم کا دورہ کرکے تاجر برادری کی کاوشوں کو دیکھا بہت خوشی ہوئی ہے کہ تاجر برادری حکومت کے شانہ بشانہ کام کررہی ہے اس وقت شہر میں ایسے لوگ موجود ہیں جو عوام کی فلاح کے لئے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ڈی آئی جی پولیس نے بتایا ہے کہ اس ماہ اس علاقہ میں جرائم 50 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے گذشتہ مہینہ 600 سے زائد وارداتیں ہوئی تھی جو کم ہو کر 354ہو چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کنٹرول اینڈ کمانڈ اور پولیسنگ نظام سے مختلف وارداتوںمیں نمایاں کمی ہورہی ہے پوری کوشش ہے کہ اسٹریٹ کرائمز کا جلد از جلد خاتمہ ہو سکے ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے جو ممکن ہو سکا وسائل فراہم کئے جائیں گے ہماری کوشش ہے کہ اس طرح کے کنٹرول اینڈ کمانڈ رومز ہر تھانہ میں قائم کئے جاسکیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ صاف ، سروسز اور محفوظ علاقہ کا منصوبہ مخیر حضرات کے تعاو ن سے مکمل کیا جائے گا ۔ سی پی ایل سی کی کارکردگی میں کمی کے سوال پر گورنرسندھ نے کہا کہ سی پی ایل سی ایک اہم ادارہ ہے جو نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے ، اس کی کارکردگی کو مزید فعال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔