ڈرائیونگ لائسنس کا حصول متاثرہ سماعت ( گونگے بہرے) افراد کا بنیادی حق ھے

تحریر ۔۔۔۔شہزاد بھٹہ
====================
خصوصی افراد کسی بھی معاشرے کے اھم ترین رکن ھوتے ھیں جہاں ایک فلاحی ریاست اپنے عام افراد کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی پابند ھے وھاں ریاست کی یہ بھی بنیادی ذمہ داری ھے کہ وہ معاشرے کے ان افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بھی مناسب اقدامات کرے جو کسی نہ کسی معذوری میں مبتلا ھیں
خصوصی بچوں کے لیے تعلیم و تربیت صحت عامہ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ مناسب روزگار کی فراہمی کسی بھی فلاحی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ھے
وطن عزیز پاکستان میں بلاشبہ خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت ، فلاح و بہبود و روزگار کے حصول کے لیے مختلف اوقات میں قانون سازی ھوتی رھی ھے حکومت و نجی شعبے اپنے اپنے لیول پر معاشرے کے اھم ترین افراد کی بہتری کے لیے کوشاں ھیں

آج حکومت وقت کی توجہ ایک اھم ترین مسلہ کی طرف مرکوز کروانا چاھتا ھوں کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں متاثرہ سماعت ( گونگے بہرے) افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کو یقینی بنایا جائے تاکہ بہرے افراد بھی ڈرائیونگ کی سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکیں اس کے لئے مناسب قانون سازی کی جائے احکام بالا کی توجہ اس جانب دلانا چاہتا ھوں کہ گونگے بہرے افراد جسمانی اور ذہنی طور سپر فٹ ھوتے ھیں اور کسی بھی قسم کی گاڑی چلانے ان کے لئے کوئی مسلہ نہیں ھے بلکہ یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا کہ بہرے افراد نارمل افراد سے بہت بہتر ڈرائیونگ کر سکتے ہیں بلکہ کر رھے ھیں
نارمل افراد کی ڈرائیونگ کا جائزہ لینے کے لیے آپ کسی بھی سڑک کنارے کھڑے ھو جائیں تو محسوس ھوگا کہ سب نارمل ڈرائیور اندھے اور بہرے ھیں جن کو نہ تو کچھ نظر آتا ھے اور نہ ھی سنائی دیتا ھے نوے فیصد نارمل ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کا پتہ ھی نہیں ھے اور نہ ھی وہ عمل کرتے ہیں
دنیا بھر کے اکثر ممالک میں بہرے افراد کو باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جارھے ھیں جن میں امریکہ کینیڈا میکسیکو،برازیل،چلی، ارجنٹائن ،یورپی یونین کے تمام ممالک ،بھارت، جاپان، کوریا، آسڑیلیا، نیوزی لینڈ بھوٹان نیپال سری لنکا بنگلہ دیش، ملائشیا، فلپائن ،سعودی عرب، قطر، کویت، روس، ازبکستان، کینیا، جنوبی افریقہ، نائجیریا وغیرہ شامل ہیں
پاکستان میں صوبہ سندھ نے 2019 میں گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی اور سندھ اسمبلی میں اکثریت رائے سے ایک بل کی منظوری دی گئی جس کے تحت بہرے افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو قانونی بنایا گیا اور اسی قانون کے صوبہ سندھ میں جسمانی طور فٹ گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا سلسلہ جاری ھے
موٹر وے پولیس اتھارٹی بھی بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کر رھی ھے
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے رھائشی گونگے بہرے افراد عرصہ دراز سے حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے آرھے ھیں کہ ان کو بھی ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں مگر کوئی شنوائی نہیں ھو رھی
خصوصی بچوں کے مسیحا وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے درخواست ھے کہ فوری طور پر گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ معاشرے کے یہ افراد بھی خود مختار زندگی گزارنے کے لائق ھو سکیں
یاد رھے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق پاکستان میں 30 ملین افراد مختلف معذوری میں مبتلا ھیں جن میں 10 ملین سے زیادہ متاثرہ سماعت افراد شامل ہیں لہذا حکومت پاکستان و پنجاب سے درخواست ھے کہ فوری طور پر متاثرہ سماعت افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے لئے مناسب قانون سازی کرے اور تمام اہل بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں
========================================