ویمنز ایشیاء کپ سیمی فائنل، سری لنکا نے پاکستان کو ہرادیا

ویمنز ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 1 رن سے شکست دے دی۔

سری لنکن ویمنز ٹیم کی جانب سے دیے گئے 123 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان ٹیم 6 وکٹ پر 121 رنز بنا سکی۔

اس سے قبل سری لنکن ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹ پر 122 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو نے 3 جبکہ سعدیہ اقبال، ندا ڈار اور ایمن انور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن ویمن کھلاڑی ہرشیتھا سماراوکرما 35 رنز بنا کرنمایاں رہیں جبکہ انوشکا سنجیوانی نے 26 اور نیلکشی ڈو سلوا نے 14 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے تھائی لینڈ کو 74 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔