پنجاب کے 30 ہسپتالوں میںمیڈیکل سپریٹنڈنٹس کی تعیناتی کے لیےدرخواست جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے

لاہور ( مدثر قدیر )

پنجاب کے 30 ہسپتالوں میںمیڈیکل سپریٹنڈنٹس کی تعیناتی کے لیےدرخواست جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے ۔10ستمبر کو محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر نے 5ویں بار تاریخ میںتوسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کرکے اس کو صوبے بھر کی میڈیکل یونیورسٹیز، کالجز اور ہسپتالوں کے 71 ا نتظامی آفیسران کو بجھوا دیا تھا جس کے مطابق میڈیکل سپریٹنڈنٹس کی تعیناتی کے لیے آن لائن درخواست آج رات 12بجے تک جمع کرائی جاسکتی ہیں جس کے بعد سکروٹنی کا عمل شروع ہوجائے گا ۔ اس حوالے سے جن ڈاکٹرز نے 6جولائی،13جولائی،22جولائی اور 22اگست کو محکمہ کی وی سائٹ پر اپلائی کیا تھا انھیں دوبارہ اپلائی کرنے کی ضرورت نہیں ۔ دوسری جانب آن لائن درخواست جمع کرانے والے ڈاکٹروں نے بار بار درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع پر اپنے ردعمل میں اس سارے عمل پر شک کا اظہار کیا انھوں نے نمائندہ اومیگا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تعیناتی کے اس پراسس کو 6جولائی کو شروع کیا گیا اور اب دو ماہ سے ذیادہ کا وقت ہوچلا ہے اور محکمہ ہیلتھ اس سارے عمل کو مکمل نہیں کرسکا جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے سہولیات اور ادویات کی فراہمی کا ایشو بڑھتا ہی جارہا ہےاور آج ہم اس مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ شہر میں بخار کی گولی ناپید ہوچکی ہے ۔اس حوالے سے محکمہ صحت کے افسران کوچاہیے کہ وہ اس اہم عوامی فلاح کے منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے تاکہ مستقل میڈیکل سپریٹنڈنٹس کی تعیناتی ہوسکے اور جو لوگ انتظامی عہدوں کے لیے سلیکٹ ہوں وہ اپنا کام احسن طریقے سے سرانجام دے کر عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے صحت ویژن کو عملی شکل دے سکیں۔یاد رہے اس وقت صوبائی دارالحکومت میں موجود بڑے ہسپتال جن میں میو ہسپتال،جنرل ہسپتال،جناح ہسپتال،سر گنگا رام ہسپتال ،لیڈی ایچی سن ہسپتال ،گورنمنٹ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال اور سید مٹھا ہسپتال میں عارضی بنیادوں پر میڈیکل سپریٹنڈنٹس کو تعینات کیا گیا ہے جو ہسپتال کے معاملات روزانہ کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں ۔