سدھو موسے والا قتل کیس: آذربائیجان میں لارنس بشنوئی کا ایک ساتھی گرفتار

بھارت کے معروف پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کے قتل کیس میں آذربائیجان میں لارنس بشنوئی کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کا اعتراف کرنے والے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ایک ساتھی کو آذربائیجان میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اس کیس کے اہم ملزم سچن بشنوئی نے بین الاقوامی سفر کے لیے جعلی پاسپورٹ کا استعمال کیا اور اپنی شناخت بدل کر تلک راج ٹوٹیجا بتائی۔

سچن بشنوئی29 مئی کو پنجاب کے ضلع مانسا میں گلوکار سے سیاستدان بننے والے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد ملک سے فرار ہوگیا تھا۔
اس حوالے سے دہلی پولیس کا کہنا تھا کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا ایک اہم ملزم سچن واقعے سے ایک ماہ قبل ہی بھارت سے فرار ہو گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے انٹرپول نے گینگسٹر ستیندرجیت سنگھ عرف گولڈی برار کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا تھا جس نے موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ امبالہ پولیس نے پنجابی گلوکار اور سیاستدان سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گولڈی برار گینگ کے چار شوٹرز کو گرفتار کیا تھا۔