بلوچستان: سیلاب ریلیف آپریشن میں شامل ہیلی کاپٹر لاپتہ، کور کمانڈر سوار تھے

پاکستان آرمی کا ایوی ایشن ہیلی کاپٹر بلوچستان میں لاپتہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر سرفراز علی بھی سوار تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر لسبیلہ کے علاقے میں سیلاب ریلیف آپریشن کا حصہ تھا۔

ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے جو سیلاب ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
===============================

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں فلڈ ریلیف آپریشن میں مصروف پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے۔
پیر کی شب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ پیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور سمیت چھ افراد سوار تھے جو کہ سیلاب زدگان کی امداد کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔
ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر پیر کی شام پانچ بج کر دس منٹ پر لسبیلہ کے علاقے اوتھل سے اڑا تھا مگر چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود ہیلی کاپٹر اپنی منزل پر نہیں پہنچا۔
پاکستان ایئر فورس کے مطابق اوتھل سے اڑنے والے ہیلی کاپٹر نے چھ بجے پی اے ایف بیس فیصل لینڈ کرنا تھا تاہم کئی گھنٹے بعد بھی مقررہ جگہ پر نہیں پہنچا۔


ہیلی کاپٹر میں کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر امجد، سی سی انجنیئرز 12 کور بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، کو پائلٹ میجر طلحہ اور کریو چیف نائیک مدثر سوار تھے۔
کراچی کے ملیر کینٹ سے امدادی ٹیم تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے بھیجی جا رہی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اس سے پہلے بلوچستان میں ہی آئی جی ایف سی ساؤتھ تعینات تھے۔