میرپورخاص اور ملحقہ علاقوں سے بہت سی اہم خبریں

میرپورخاص == تحسین احمد خان ===
ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین نے اولڈ سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا اچانک دورہ، ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری اور صفائی ستھرائی کے فقدان پر پر سخت بر ہمی کا اظہار، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین نے گزشتہ روز عوامی شکایت پر اولڈ سول ہسپتال کا دورہ کیا ڈی سی نے دورہ کرنے کے بعد سول سرجن کو لیٹر جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عوام الناس کی جانب سے ایمرجنسی وارڈ کی ناقص صورتحال، ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کی عدم دستیابی کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد دورہ کیا گیا جہاں دیکھا گیا کہ وارڈ میں ڈیوٹی ڈاکٹر موجود نہیں تھا اور پیرا میڈیکل سٹاف (ڈسپنسر) مریضوں کی دیکھ بھال کر رہے تھے اس کے علاوہ صفائی کے حوالے سے ایمرجنسی وارڈ کی حالت بہت خراب تھی جس پر ڈپٹی کمشنر نے سول سرجن کو کہا ہے کہ اس سلسلے میں آپ کو ایمرجنسی وارڈ کے مناسب انتظام پر توجہ دینے


کی ضرورت ہے کیونکہ سول اسپتال زیادہ تر شہریوں کو فوری طبی خدمات فراہم کرتا ہے اسکے علاوہ اسپتال میں ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے اور مریضوں کی بہتر سہولت کے لیے ایمرجنسی وارڈ کی حالت زار کو بھی بہتر بنایا جائے،لیٹر میں مزید کہا گیا ہے آپ کے علم میں یہ بات بھی ہوگی کہ رین ایمرجنسی کی صورتحال میں تمام افسران کو اسٹیشن پر موجود ہونا ضروری ہے اس لیے آپ سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ آج ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے جانے والے ڈیوٹی ڈاکٹر اور دیگر عملہ کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تعینات عملہ ہی اپنی ڈیوٹی انجام دے دو سری جانب میرپورخاص میں رین ایمرجنسی کے سلسلہ میں ڈی سی زین العابدین کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا گیا اور افسران کو ہدایت جو جاری کیں کہ جن علاقوں میں بارشوں کا پانی جمع ہے اسے فوری طور پر صاف کیا جائے اور عملے کی ڈیوٹی پر موجودگی کو یقینی بنایا جائے ٭٭

میرپورخاص == تحسین احمد خان === پینے کے پانی کی قلت کے خلاف شاد مان ٹاؤن، دستگیر ٹاؤن، گلشن ابراہیم، جمنا داس، کوری گوٹھ، مالہی کالونی اور دیگر علاقوں کے سینکڑوں رہائشیوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انتظامیہ کے خلاف میرپورخاص تا سانگھڑ روڈ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا اس موقع پر مظاہرین عبدلخالق، رحیم خان، محمد ایوب، احمد خان مری الیاس مہر، غلام حسین ناریجو اور دیگر نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے ہمارے علاقوں میں محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے پانی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے ہم سخت پریشان ہیں اس سے قبل بھی ہم نے احتجاج کیا لیکن محکمہ پبلک ہیلتھ انتظامیہ کی یقین دھانی کرائی تھی پانی کی نئی لائن ڈالی جا رہی ہت تین روز بعد پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی ہم نے احتجاج ختم کیا تھا لیکن اب تک پانی کی سلائی شروع نہیں ہوئی رمضان شریف کے مقدس مہینے میں بھی ہمیں پینے کے پانی سے محروم رکھا گیا جو ہمارے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہے انھوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ ہمیں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بناکر اس پریشانی سے نجات دلائی جائے ٭٭

میرپورخاص ==تحسین احمد خان === رشتے کے تنازعہ پر سالے اور بہنوئی میں جھگڑا ، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جا نبحق جبکہ دوافراد زخمی ہو گئے تفصیلات کے مطابق دانش علی عبّاسی جو کہ ٹنڈوالہیار میں شارجہ کالونی کا رہائشی ہے جس کی شادی میرپورخاص کے علاقے بھانسنگھ آباد کے رہائشی اکرام واپڈا والے کی بہن سے 4/5 سال پہلے ہوئی تھی۔ دانش علی کے 2 بچے ہیں، جس میں تین سال کی بیٹی اور ڈیڑھ سال کا بیٹا ہے۔ دانش 3/4 مہینے پہلے اپنی بیوی اور بچوں کو اکرام کے گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔اور گزشتہ روز 2 ماہ بعد عید کے موقع پر، دانش، بھان سنگھ آباد میں اکرام کے گھر آیا، تو جھگڑا ہوگیا۔ اکرام نے جہیز میں دیئے سامان و زیورات کا پوچھا، جس بات پر دانش اور اکرام میں تلخ کلامی ہوگئی۔اور نوبت جھگڑے اور فائرنگ تک پہنچ گئی جس کے نتیجے میں دانش علی عباسی گولی لگنے کے باعث موقع پر ہی فوت ہو گیا،جبکہ دو افراد اکرم اور جمشید عباسی شدید زخمی ہو گئے بعد ازاں جاں بحق شخص کی نعش اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں قانونی کاروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی ٭٭

میرپورخاص== تحسین احمدخان === پولیس قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے سے گریزاں ہے اور قاتل سرعام گھوم رہے ہیں، ملزمان نے چند روز قبل سرعام فائرنگ کر کے ہمارے بھائی منور نوحانی کو بھرے شہر میں قتل کر دیا تھا، اگر پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے کر احتجاج کیا جائے گا اور خود سوزی کریں گے ان خیالات ٹاون کمیٹی میرواہ گورچانی کے رہائشی نبی بخش نوحانی، محمد ایوب نوحانی، علی حیدر، ہادی بخش نوحانی نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اور پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کیا انھوں نے مذید کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین ذوالفقار نوحانی، عالم خان نوحانی، حسنین نوحانی اور تین نامعلوم مسلح افراد نے 2 جولائی کو دوکان پر بیٹھے ہمارے بھائی منور نوحانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں دو راہگیر زخمی بھی ہو گئے تھے جس کے بعد ہم لوگوں نے مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے کر احتجاج کیا تھا ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن(ر) چوہدری اسد علی نے ہم سے مزاکرات کئے اور واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے اور ملزمان کو گرفتار کر کی یقین دہانی کروائی تھی جس کے بعد ہم نے احتجاج ختم کر دیا تھا میرواہ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ایک ملزم عالم نوحانی کو گرفتار تو کر لیا لیکن اسے مہمانوں کی طرح رکھا ہوا ہے جبکہ دیگر ملزمان کو پولیس گرفتار کرنے سے گریز کر رہی ہے اور ملزمان کھلے عام گھوم رہے ہیں جن سے ہمیں جانی اور مالی نقصان کا اندیشہ ہے انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ، وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر سے مطالبہ کیا کہ قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں دیگر صورت میں ہم مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے کر احتجاج کرنے کے علاوہ خودسوزی کر لیں گے اس موقع پر ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا٭٭
====================================