معروف گلوکار ایڈ شیرن اور ان کے ساتھی نغمہ نگار لندن کی عدالت میں کاپی رائٹ کا مقدمہ جیت گئے ہیں۔
اس مقدمے میں فتح کے بعد دوسری پارٹی ایڈ شیرن کو قانونی کارروائی پر ہونے والے اخراجات کی مد میں 9 لاکھ پاؤنڈ ادا کرے گی۔
رواں سال مارچ میں ایڈ شیرن اور ان کے ساتھی نغمہ نگاروں جان میکڈیڈ اور اسٹیون پر گانا چوری کرنے کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔
سمیع چوکری اور روس ڈونوہیو نے شیرن پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ہمارے 2015 کے گائے ہوئے گیت کی نقل کی ہے۔
سمیع اور ڈونوہیو کا الزام تھا کہ ایڈ شیرن کے مشہور گانے ’شیپ آف یو‘ کے چند الفاظ اور موسیقی کی دھن ان کے گانے سے مماثلت رکھتی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایڈ شیرن نے سمیع کا گانا تک نہیں سنا اور انہوں نے کسی قسم کی کاپی رائٹ خلاف ورزی نہیں کی۔
لندن کی عدالت میں ٹرائل 11 دن جاری رہا، عدالت نے سمیع اور ڈونوہیو پر 9 لاکھ 16 ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ لگایا ہے۔
یہ رقم ایڈ شیرن اور ان کے ساتھی نغمہ نگاروں کے قانونی معاملات کی ادائیگیوں کی مد میں ادا کی جائے گی۔