90 کروڑ ڈالر بزنس کیساتھ ’ٹاپ گن: میوریک‘ باکس آفس کی دوسری ہٹ فلم

ٹام کروز کی نئی فلم ’ٹاپ گن: میوریک‘ نے عالمی باکس آفس پر 90 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کرلیا۔

یہ فلم ٹام کروز کی 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ٹاپ گن کا سیکوئیل ہے۔

ٹاپ گن میوریک رواں سال باکس آفس پر سب سے زیادہ منافع کمانے والی دوسری بڑی فلم بھی بن گئی۔

پہلے نمبر پر ڈاکٹر اسٹرینج برقرار ہے جس نے 94 کروڑ سے زائد منافع کمایا ہے۔

غیرملکی میگزین نے دعویٰ کیا کہ اگر ٹاپ گن: میوریک کی یہی مقبولیت برقرار رہی تو آئندہ ہفتوں میں یہ رواں برس کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن جائے گی۔

فلم کی نمائش چین اور روس میں نہیں ہوئی اس کے باوجود ایک ارب ڈالر کا منافع مشکل نظر نہیں آتا۔

اگر ٹاپ گن میوریک یہ ہدف حاصل کرتی ہے تو ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کے علاوہ یہ دوسری فلم ہوگی جو کورونا وائرس کے دنوں میں ایک ارب ڈالر کا بزنس کرے گی۔

فلم امریکا میں 47 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کر کے مقامی باکس آفس پر پہلے ہی پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہے۔

ٹاپ گن: میوریک کو ریلیز ہوئے صرف 25 دن ہوئے ہیں لیکن یہ ٹام کروز کی عالمی باکس آفس پر سب سے زیادہ منافع کمانے والی فلم بن چکی ہے۔

قبل ازیں 2018 کی ’مشن امپاسیبل: فال آؤٹ‘ 79 کروڑ ڈالر کے ساتھ ٹام کروز کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم تھی۔