سوشل میڈیا پر وائرل افغان مہاجر کی تصویر اور بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کے درمیان مماثلت نے ایک بار پھر انٹرنیٹ پر طوفان برپا کردیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ فوٹوگرافر اسٹیو میک کیری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بار پھر پاکستان میں مقیم افغان مہاجر کی تصویر شیئر کی ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر دھوم مچ گئی کہ اس تصویر میں موجود شخص بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن ہیں۔
یہ تصویر 2018 میں بھی وائرل ہوئی تھی اور اس وقت صارفین نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ تصویر امیتابھ بچن کی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے سیٹ سے لیا گیا شاٹ ہے۔
فوٹوگرافر اسٹیو میک کیری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’پاکستان میں مقیم ایک افغان مہاجر کی یہ تصویر، ہمیں دنیا بھر کے لاکھوں بے گھر لوگوں کی یاد دلاتی ہے‘۔
گزشتہ روز شیئر کی گئی اس تصویر کو 77 ہزار سے زیادہ لائکس مل چکے ہیں جبکہ صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے