بہروزسبزواری نےاپنے نام سے وائرل ٹوئٹ کی تردید کردی

پاکستان کے معروف و سینئر اداکار بہروز سبزواری نے بیٹے، شہروز سبزواری سے متعلق اپنے نام سے وائرل سوشل میڈیا پوسٹ کی تردید کر دی ہے۔

میٹھی عید کے موقع پر اداکار شہروز سبزواری اور اُن کی اہلیہ، سپر ماڈل و اداکارہ صدف کنول کی جانب سے انٹرویو دیا گیا۔

اس دوران شہروز سبزواری کا سابق وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بیان میں کہنا تھا کہ ’اگر میرے والد نے مجھے حلال کھلایا ہے تو میں لازمی عمران خان کو سپورٹ کروں گا، اگر مجھ میں ذرا سی بھی غیرت ہے تو لازمی ہے کہ میں عمران خان جیسے لیڈر کو سپورٹ کروں۔‘
شہروز سبزواری کا یہ بیان سوشل میڈیا پر کافی وائرل بھی ہوا تھا۔

اس بیان پر شہروز سبزواری کے والد، بہروز سبزواری کے نام سے ایک جعلی ٹوئٹ وائرل تھی جس میں لکھا گیا تھا کہ ’میں نے شاید واقعی کوئی حرام کمائی کھائی ہوگی جو میرے گھر شہروز سبزواری جیسی اولاد پیدا ہوئی، اگر کسی میں ذرا سی بھی غیرت ہوگی تو وہ عمران خان کو فالو نہیں کرے گا۔‘
بہروز سبزواری نے اس ٹوئٹ کے رد عمل میں ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے اس جعلی ٹوئٹ کے بارے میں بتایا ہے۔

بہروز سبزواری کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ ’میرا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، میرے نام پر جعلی اکاؤنٹ اور اس ٹوئٹ کو کرنے والوں کے خلاف میں نے ایف آئی اے سائبر کرائم میں شکایت درج کروادی ہے، جنہوں نے میرے نام پر اکاؤنٹس بنائے ہیں اُنہیں میں کیفرِ کردار تک ضرور پہنچاؤں گا۔‘

بہروز سبزواری کا مزید کہنا ہے کہ ’ اگر کسی کی اس ٹوئٹ سے دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت۔‘