اداکارہ ریما خان کی کینسر کے مریض بچوں کی دلجوئی

امریکی دارالحکومت سے مختصر دورے پر پاکستان آئی ہوئی ماضی کی نامور ہیروئن اداکارہ ریما خان نے کراچی کے انڈس اسپتال میں کینسر کے مریض بچوں کے وارڈز کا دورہ کیا اور موذی مرض میں مبتلا بچوں میں گھل مل گئیں۔

پاکستان کی فلم انڈسٹری پر ایک عرصے تک راج کرنے والی اداکارہ ریما خان شادی کے بعد سے اپنے شوہر اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب کے ساتھ امریکہ میں مقیم ہیں۔

ان دنوں یہ جوڑا پاکستان کے دورے پر ہے، اداکارہ ریما خان بدھ کی سہ پہر اپنے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کے ساتھ انڈس اسپتال پہنچیں، جہاں انہوں نے کراچی میں پیڈیاٹرک اونکولوجی وارڈ کا دورہ کیا۔

چیئر پیڈیاٹرک سروسز انڈس اسپتال ڈاکٹر محمد فرید الدین نے ریما خان کو اسپتال میں امراض اطفال کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے بچوں کے کینسر کے مریض بچوں سے ملاقات کی، اسپتال کے بیسڈ اسکول ’انڈس کے ساتھ‘ کا بھی دورہ کیا اور پیڈیاٹرک اونکولوجی میں زیر علاج بچوں سے طویل ملاقات کی جہاں ان کے اسکول کی تعلیم جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

اداکارہ ریما خان ڈے کئیر یونٹ بھی گئیں، جہاں کیموتھراپی کیلئے موجود مریض بچوں کی خوب دلجوئی کی۔

انہوں نے مریض بچوں کیلئے قائم خصوصی پلے ایریا کا بھی دورہ کیا، جہاں مصروف بچوں کے ساتھ اچھا وقت گزارا۔

انہوں نے علاج کے لیے خیبرپختونخوا سے آئے بچے سے پشتو اور افغانستان سے آئے ہوئے مریض بچے کے ساتھ فارسی میں گفتگو کی۔

اداکارہ ریما خان مریض بچوں میں گھل مل گئیں اور بچوں کے ساتھ خصوصی تصویریں اور سیلفیاں بنائیں، معروف اداکارہ کو اپنے درمیان پا کر مریض بچے اور ان کے والدین بہت خوش ہوئے۔

روزنامہ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ریما خان نے موذی امراض میں مبتلا بچوں کو دیکھ کر پہلے افسوس اور پھر خوشی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دکھ اس بات کا ہے کہ معصوم بچے کس کس طرح کے امراض میں مبتلا ہیں اور خوشی اس بات کی ہے کہ ان کے علاج اور دلجوئی کے لیے انڈس اسپتال کی انتظامیہ ہرممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

کراچی میں انڈس اسپتال اور صحت کے نیٹ ورک کی پیڈیاٹرک اونکولوجی یونٹ خطے میں اور پاکستان میں سب سے بڑا ہے جس میں 85 بستر کی سہولت ہے۔

جہاں کراچی اور پاکستان کے مختلف دور دراز علاقوں سے ہی نہیں بلکہ افغانستان اور ایران سے بھی مریضوں مفت صحت یابی کے لئے یہاں آتے ہیں۔

انڈس اسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان نے کورنگی کراچی میں 2007 میں قائم کیا گیا تھا، اب ملک کے 52 اضلاع اور پاکستان کے 13 بڑے اسپتالوں کا ایک نیٹ ورک بن گیا ہے۔