کڑے وقت میں سجل علی کو ندا یاسر کا مشورہ

اداکارہ و میزبان ندا یاسر کی جانب سے سجل علی کو ہمیشہ مسکراتے رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

صحافیوں، ویب سائٹس و سوشل میڈیا سمیت متعدد ذرائع کی جانب سے بارہا دعویٰ کیا جا چکا ہے کہ اداکارہ سجل علی اور اداکار احد رضا میر میں طلاق ہو چکی ہے جبکہ یہ جوڑا تا حال اس موضوع پر گہری چُپ سادھے ہے۔

ایسے میں ہر پلیٹ فارم پر معروف شخصیات کی جانب سے بھی سجل علی کی طلاق کی خبروں پر اُن سے ہمدردی کا اظہار کیا جاتا رہا ہے مگر اس پر بھی سجل علی کا کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
گزشتہ دنوں ندا یاسر سے بھی ایک ٹاک شو کے دوران پوچھا گیا کہ ’سجل علی اس وقت اپنی زندگی کے مشکل دور سے گزر رہی ہیں، بطور سینئر اُن کو آپ کیا مشورہ دیں گی؟‘
اس پر ندا یاسر کا کہنا تھا کہ ’ سجل علی سے میں بس یہی کہنا چاہتی ہوں کہ آپ مسکراتے ہوئے بہت اچھی لگتی ہو، میری دعا ہے ہمیشہ مسکراتی رہو، کیوں کہ جب آپ روتی ہو تو اکیلی آپ ہی نہیں ساتھ میں اور بھی بہت سے لوگ رونے لگتے ہیں، بس دُکھی نہیں ہونا۔‘