204 طلبہ میں شہید حکیم محمد سعید میموریل اسکالر شپ میں چیک و سناد کی تقسیم

ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ وہ وقت کی قدر کریں۔ شہید حکیم محمد سعید اس اصول پرسختی سے عمل کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بزرگوں کی عزت و تعظیم کرنی چاہیےاس سے اللہ پاک بلند مقام عطا کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد کارپوریٹ آفس میں شہید پاکستان حکیم محمد سعیدمیموریل


اسکالر شپ کی تقسیم چیک و اسناد کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں وقت پر سونا چاہیے اور صبح سویرے اٹھنے کی عادت اپنانی چاہیے۔ اس سے نہ صرف آپ کو اپنے کام کرنے کا زیادہ وقت ملے گا بلکہ صحت بھی اچھی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فون نے نئی نسل کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔ اس کا زیادہ استعمال نہ صرف وقت اور پیسہ کاضیائع بلکہ صحت کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سندھ برائے اطلاعات اور لیبر سعید غنی نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید نے ایک بیچ بویا تھا جو آج ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ ہمدرد تعلیم و صحت کے میدان میں ملک و قوم کی


خدمت کررہا ہے۔ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان وہ ادارہ ہے جو لوگوں کی خدمت کر رہا ہے، جس کا منہ بولتا ثبوت آج کی تقریب ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں طلبہ کی اسکالر شپ کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی بلایا گیا ہوں اور مجھے یہاں طلبہ سے بات کرنے کا موقع ملا ہے۔

بعد ازاں مہمان خصوصی اور محترمہ سعدیہ راشد نے طلبہ میں چیک اور اسناد تقسیم کیں۔


اس سال ایک کروڑ روپے سے زائد رقم کی اسکالر شپس دی گئی ہیں، جن میں پاکستان بھر سے 153 میٹرک کے طلبہ ہیں اور 51 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ ہیں۔ یہ طلبہ بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ رواں سال میٹرک کے طلبہ کو پچیس ہزار روپے نقد اور انٹر میڈیٹ کے طلبہ کو پچاس ہزار روپے نقد دئیے گئے۔


تقریب میں ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن سید محمد ارسلان بھی موجود تھے۔ اس تقریب میں طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے ہمدرد پاکستان اور محترمہ سعدیہ راشد کا خصوصی شکریہ ادا کیا
===========================================