پنڈی ٹیسٹ میں چوتھے دن کا کھیل تاخیر کا شکار

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ میں چوتھے دن کا کھیل گزشتہ شب ہوئی بارش کے سبب تاخیر سے شروع ہونے کا امکان ہے، دونوں ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئی ہیں۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں موسم صاف ہوگیا ہے، دھوپ نکل آئی ہے اور پچ سے کورز ہٹا دیئے گئے ہیں، گراؤنڈ کو سکھانے کا عمل جاری ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گراؤنڈ مین آؤٹ فیلڈ کو سکھانے کا کام کر رہے ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں کرکٹ اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

امپائرز ساڑھے 10 بجے گراؤنڈ اور پچ کا معائنہ کریں گے جس کے بعد ہی کھیل شروع ہونے یا مزید تاخیر کا اعلان متوقع ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز تیسرے دن خراب روشنی کی وجہ سے میچ جب جلدی ختم کرنا پڑا تو آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 271 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر بنالیے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 205 رنز درکار تھے جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات
پنڈی ٹیسٹ میں آسٹریلوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 156 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور عثمان خواجہ ، ڈیوڈ وارنر نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

دونوں اوپنرز کے 203 رنز پر پویلین لوٹ جانے کے بعد مارنوس اور اسمتھ نے اسکور کو آگے بڑھایا اور جب تیسرے دن کا کھیل کم روشنی کی سبب جلدی ختم ہوا تو مارنوس 69 اور اسمتھ 24 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 476 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔