ادارہ المصطفی ویانا آسٹریا کی جانب سے معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔۔۔

رپورٹ: محمد عامر صدیق ویانا آسٹریا..
======================
ادارہ المصطفی ویانا آسٹریا کی جانب سے معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ 5 مارچ 2022، بروز ہفتہ بعد نماز مغرب محفل کا آغاز حسن ادریس کی تلاوت سے ہوا. قرآن پاک کی تلاوت کرکے محفل میں آنے والے حاضرین وناظرین کو مہکایا نعت شریف خالد عبّاس، باسط اقبال، ممتاز احمد، غلام ربانی،محمد حفیظ اللہ قادری، محمد عامر صدیّق، حاجی اکبر،غظنفر علی شاہ،اظہر شاہ اور ویانا کے معروف نعت گو شہریار خان نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض حافظ ارشد نے ادا کیے۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کے عنوان پر پروفیسر راجہ اظہر عباس سیالوی ادارۃ المصطفٰے ویانا آسٹریا کے خطیب اور عبدالرحمان شاہ نے مختصر خطابات کئے۔

خصوصی خطاب حضرت علامہ غلام ربانی افغانی دامت برکاتہم العالیہ خطیب اعظم لندن و مانچسٹر سربراہ ادارہ فیض الاسلام مانچسٹر ناظم اعلی جماعت اہلسنت برطانیہ نے کیا انہوں نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے تفصیل سے بیان کیا ان کا کہنا تھا۔ معجزۂ معراج تاریخِ ارتقائے نسلِ انسانی کا وہ سنگِ میل ہے جسے قصر ایمان کا بنیادی پتھر بنائے بغیر تاریخِ بندگی مکمل نہیں ہوتی اور روح کی تشنگی کا مداوا نہیں ہوتا۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تاریخِ انسانی کا ایک ایسا حیرت انگیز، انوکھا اور نادر الوقوع واقعہ ہے جس کی تفصیلات پر عقلِ ناقص آج بھی حیران و ششدر ہے۔ اسے کچھ سجھائی نہیں دیتا کہ سفرِ معراج کیونکہ طے ہوا؟ عقل حیرت کی تصویر

بن جاتی ہے، مادی فلسفہ کی خوگر، اربعہ عناصر کی بے دام باندی عقلِ ناقص یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ انسانِ کامل حدودِ سماوِی کو عبور کر کے آسمان کی بلندیاں طے کرتا ہوا لامکاں کی وسعتوں تک کیسے پرواز کر سکتا ہے اور وہ کچھ دیکھ لیتا ہے جسے دیکھنے کی عام انسانی نظر میں تاب نہیں۔ اس لئے حدود و قیود کے پابند لوگ اس بے مثال سفرِ معراج کے عروج و ارتقاء پر انگشت بدنداں ہیں اور اسے مِن و عن اور مستند انداز سے مذکورہ تفصیلات کے ساتھ بھی ماننے کے لئے تیار نہیں ہوتے اور ایسے ایسے شبہات وارد کرتے ہیں اور تشکیک کا ایسا غبار اُڑاتے ہیں کہ دلائل سے غیر مسلح ذہن اور عام آدمی ان سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا اور دیوارِ ایمان متزلزل سی ہونے لگتی ہے۔ نبئ آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزات میں معجزۂ معراج خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اختتام پر تمام انسانیت کے لیے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بعد از حضور علیہ السلام کی بارگاہ میں صلوۃ و السلام کا ہدیہ شہریار خان نے پیش کیا۔ سماجی شخصیت اور ادارۃالمصطفی آسٹریا کے صدر باوا سید غضنفر علی شاہ نے تمام لوگوں کا اپنی جانب سے اور ادارۃالمصطفی کی تمام عہدیداران اور ممبران کی جانب سے معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس میں آنے کا شکریہ ادا کیا۔۔۔
==================================

====================================

=================================

===============================

==============================

=================================