آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں مصنف امیر ابڑو کی کتاب ”ہسٹاریکل انٹرویوز“ کی تقریب رونمائی ، وزیر تعلیم و ثقافت سردار علی شاہ کی شرکت

کراچی ( ) وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سردار شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے حال ہی میں آئی بی اے کے ذریعے پچاس ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا ہے کوئی یہ ثابت کرے کہ میں نے ایک استاد بھی سفارش پر بھرتی کیا ہے تو وزارت سے مستعفی ہوجاﺅں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی اسکول بند نہیں کر رہے بلکہ وڈیروں کے اوطاق اور بھینسوں کے باڑے بند کر رہے ہیں۔ سندھ میں گیارہ ہزار اسکول بے کار پڑے ہیں ہم پرائمری اسکولوں کی تعداد کم کرکے سیکنڈری اسکولوں کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں مصنف اور انڈس ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے روح رواں امیر ابڑو کی کتاب “ ہسٹاریکل انٹرویوز” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ۔ عطیہ داﺅد۔ جاوید قاضی۔ امیر ابڑو۔ اعجاز ترک۔ حیدر نظامانی۔ رشید میمن۔ عاجز جمالی۔ ماہ نور شیخ۔ ڈاکٹر ایوب شیخ۔ اور دیگر نے خطاب کیا۔ وزیر تعلیم و ثقافت سردار شاہ نے مزید کہا کہ اسکولوں میں اساتذہ فرنیچر اور عمارتیں فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے سندھ کے خیرخواہ اگر تعلیم کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں تو اسکولوں سے باہر موجود لاکھوں بچوں کو اسکول تک لانے میں ہماری مدد کریں۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہورہی ہے کہ امیر ابڑو کو اس دھرتی نے جو کچھ دیا اب وہ اسے واپس لوٹا رہے ہیں ،تعلیم کے شعبے میں امیر ابڑو کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، تقریب کے اختتام پر سندھ کی مشہور گلوکارہ ریشماں پروین نے محفل موسیقی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔