پی ایس ایل 7 میں کس کو کیا ایوارڈ ملا؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 میں ملتان سلطانز کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پلیئر آف ایونٹ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایوارڈز میں سب سے قیمتی کرکٹر اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے والے محمد رضوان کو لیگ کے 13 میچز میں 546 رنز بنانے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا، اس دوران انہوں نے47 چوکے اور 9 چھکے جڑنے سمیت 7 نصف سنچریاں اسکور کیں، انہوں نے وکٹوں کے پیچھے بھی 9 شکار کیے۔

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو بالترتیب ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر اور بہترین بولر قرار دیا گیا۔

فخر زمان نے ٹورنامنٹ میں 153 کے اسٹرائیک ریٹ سے 588 رنز اسکور کیے جبکہ شاداب خان نے 6 اعشاریہ 47 کے اکانومی ریٹ سے مجموعی طور پر 19 وکٹیں حاصل کیں۔
خوشدل شاہ کو ٹورنامنٹ کا بہترین آل راؤنڈر اور بہترین فیلڈر قرار دیا گیا، انہوں نے ایونٹ میں 153 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 16 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کے زمان خان کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا ایمرجنگ کرکٹر قرار دیا گیا، پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے زمان خان نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 18 وکٹیں حاصل کیں۔

اس دوران امپائر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا ایوارڈ راشد ریاض جبکہ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ ملتان سلطانز کو دیا گیا۔

امپائر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل کے علاوہ تمام ایوارڈز کمنٹری پینل میں شامل ارکان کی جانب سے تجویز کئے گئے ہیں۔
ایوارڈز:
پلیئر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7- محمد رضوان (ملتان سلطانز) (3.5 ملین روپے)

پارک ویو سٹی امپائرآف ایچ بی ایل پی ایس ایل7- راشد ریاض (3.5 ملین روپے)

ٹک ٹاک بیٹر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7- فخر زمان (لاہور قلندرز) (3.5 ملین روپے)

جے ڈاٹ بولر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل7- شاداب خان (اسلام آباد یونائیٹڈ) (3.5 ملین روپے)

جوبلی انشورنس وکٹ کیپر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7- محمد رضوان (ملتان سلطانز) (3.5 ملین روپے)

اوساکا بیٹریز فیلڈر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7- خوشدل شاہ (ملتان سلطانز) (3.5 ملین روپے)

برائٹو پینٹس آل راؤنڈر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7- خوشدل شاہ (ملتان سلطانز) (3.5 ملین روپے)

زیک آئل ایمرجنگ کرکٹر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7- زمان خان (لاہور قلندرز) (3.5 ملین روپے)

گو لُوٹ لو سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ- ملتان سلطانز (3.5 ملین روپے)