یقین تھا شاہین شاہ کی کپتانی میں قلندرز ضرور فائنل کھیلے گی: عاقب جاوید

پاکستان سُپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ٹیم میں انرجی لانے کے لیے کپتان شاہین آفریدی کا بہت ہاتھ ہے، میں نہ بھی ہوں مجھے اعتماد ہوتا کہ شاہین آفریدی ٹیم کے ساتھ ہے۔

لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہاہوں، مجھے صرف زکام ہی ہوا تھا، مجھے کورونا وائرس کی شدید علامات نہیں تھیں، ضروری آئسولیشن مکمل کر رہا ہوں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ٹیم فائنل میں پہنچی ہے، فائنل کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ٹیم میں ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہے، وہ اس کے مطابق کھیلتا ہے، حارث رؤف کی ٹیم میں اپنی اہمیت ہے اور شاہین آفریدی کی الگ۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ فائنل میں ٹیم آخری گیند تک لڑے گی یہ ایک اچھا فائنل ہوگا۔