داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کا 9واں جلسہ تقسیم اسناد ، لڑکیوں کی ٹاپ پوزیشنز


کراچی (اسٹاف رپورٹر) دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا 9واں جلسہ تقسیم اسناد گزشتہ روز منعقد ہوا جس کی صدارت یونیورسٹی کے چانسلر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کی جبکہ سینیٹر تاج حیدر ، یو ایس ایڈ کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے پاکستان ڈاکٹر ثمرین حسین ، ارکان سینیٹ اور سینڈیکٹ بھی موجود تھے۔ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں شعبہ انجینئرنگ کے بیج 18، شعبہ آرکیٹکٹ کے بیج 17 اور ایم ایس پروگرام کے 442؍ طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جبکہ امتیازی نمبر حاصل کرنیوالوں کو گولڈ اور سلور کے تمغے دیئے گئے۔ دائود یونیورسٹی کے شعبہ پٹرولیم اینڈ گیس کی طالبہ رابعہ اسلم ولد محمد اسلم نے یونیورسٹی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ انجینئرنگ فیکلٹی میں بھی رابعہ اسلم نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، آرکیٹیکٹ فیکلٹی میں نائیلہ ولد آفاق احسن عثمانی نے پہلی پوزیشن اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ طالبات تینوں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میںکامیاب رہیں جبکہ انجینئرنگ کے 9شعبوں میں سے 8شعبوں میں اورشعبہ آرکیٹکٹ میں ٹاپ پوزیشنز بھی لڑکیوں نے حاصل کیں ۔ یونیورسٹی کے تمام 9؍ شعبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنےوالے 9؍ طلباء کو سلور میڈل سے نوازا گیا جس میں نائیلہ ولد آفاق احسن عثمانی (شعبہ آرکیٹک) ، نور السحر ولد انجم خان (شعبہ کیمیکل انجینئرنگ) ،فرح ناظم ولد ناظم الدین (شعبہ کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ) ، ماہین ولد ریاض احمد (شعبہ الیکٹرونک انجینئرنگ) ، نادیہ طارق ولد طارق محمود (انرجی انوائرمنٹ انجینئرنگ)، محمد اسامہ ولد محمد وسیم (انڈسٹریل انجینئرنگ) ، مصباح اسلم ولد محمد اسلم (میٹرلرجی اینڈمیٹریل انجینئرنگ) ، رابعہ اسلم ولد محمد اسلم (شعبہ پٹرولیم گیس انجینئرنگ) ، نور الصبا شیخ ولد عبدالقادر (شعبہ ٹیلی کمیونیکشن انجینئرنگ) شامل ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2013ء سے پہلے یہاں باقاعدہ کلاسز کا انعقاد ہی مشکل تھا ہم 9سال کے عرصے میں نظم و ضبط ، قواعد اور بہترین ماحول کے ایسے اقدامات کئے ہیں کہ اب طالبات کی بڑی تعداد یہاں سے انجینئرز بن رہی ہے بلکہ ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کررہی ہے ۔