۔سجاول میں آ ل پاکستان میمن فیڈریشن اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے ایک روزہ مفت جنرل میڈیکل کیمپ میں ہزاروں مریضوں کا چیک اپ کرکے ادویات فراہم کی گئیں جبکہ سینکڑوں آنکھوں کے آپریشن اور بچوں کے ختنے کرائے گئے

سجاول : ۔سجاول میں آ ل پاکستان میمن فیڈریشن اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے ایک روزہ مفت جنرل میڈیکل کیمپ میں ہزاروں مریضوں کا چیک اپ کرکے ادویات فراہم کی گئیں جبکہ سینکڑوں آنکھوں کے آپریشن اور بچوں کے ختنے کرائے گئے ، رپورٹ کے مطابق سجاول میں آل پاکستان میمن فیڈریشن اور کتیانہ میمن ایسوسی ایشن ، بانٹوامیمن جماعت کراچی کی جانب سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ تعلقہ اسپتال سجاول میں قائم کیاگیا، جس میں کراچی کی معروف اسپتالوں ہاشوانی اور بانٹوا میمن اسپتال کے ماہرین امراض اور عملے نے ہزاروں مریضوں کا مفت چیک اپ کرکے ادویات فراہم کیں ، کیمپ میں ہرقسم کے امراض کے شعبے قائم کرکے ٹیسٹ و چیک اپ کئے گئے جبکہ ایک ہزار سے زائد آنکھوں کے مریضوں کا معائنہ کرکے چشمے فراہم کئے گئے ، ضرورت مندسینکڑوں افراد کے بروقت آپریشن کئے گئے ، علاوہ ازیں بچوں کے ختنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے اور آٹھ سو سے زائد بچوں کے ختنے کرکے ادویات فراہم کی گئیں ۔ کیمپ میں آنے والے ہزاروں مریضوں کی رہنمائی اور انتظامات کے لئے جمیعت علمائے اسلام ، جے ٹی آئی ، انصارالاسلام کے رضاکاروں ، شہری تنظیموں شہری اتحاد، اساتذہ نے رضاکارانہ خدمات انجام دیں ،ڈپٹی کمشنر سجاول عرفان سلام میروانی نے کیمپ کا دورہ کرکے جائزہ لیا اور انتظامی کمیٹی کے مولانامحمد اسماعیل میمن ، مولاناغلام حسین ، اور مولانااشرف میمن ، اور عملے سے معلومات حاصل کیں اور بہترانتظامات پر تعریف کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر بھی موجود تھے ۔طبی کیمپ سے علاقے کے ہزاروں ناداروغریب مریض مستفید ہوئے ۔