عجمان،پاکستانی فنکار، بنے کرکٹر ز ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے، سعود کی دھواں دھار بیٹنگ ، علی قُلی مرزا کے گیت اور کپتان فیصل قریشی کا ویرات کوہلی والا ہئیر اسٹائل۔۔۔

رپورٹ : خالد فرشوری
—–

متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں برقی قمقموں سے جگمگاتا ایڈن گارڈنر کرکٹ گراونڈ دلکش منظر پیش کر رہا تھا پاکستانی فلموں اور ٹی وی کے سُپر اسٹارز کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کو دیکھنے کے لئے یو اے ای کی مختلف ریاستوں سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد آئی تھی، مقامی آرگنائزرز کے ساتھ اس رنگا رنگ میلے کا انعقاد مشہور امریکن پاکستانی آرٹ پروموٹر اظہر قاسمی نے کیا، فنکار الیون کی کپتانی مایہ ناز اداکار فیصل قریشی کر رہے تھے، جبکہ ٹیم میں ، کپتان فیصل قریشی کے علاوہ نائب کپتان فلم اسٹار سعود، جان ریمبو،

نعمان حبیب، جنید خان، محسن عباس، رضوان جعفری، سلمان سعید، نعیم حق اور کاشف خان شامل تھے، فنکاروں کی کہکشاں گراونڈ میں اتری تو ہر طرف سے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے شروع ہو گئے، میچ پاکستانی فنکاروں کی ٹیم نے باآسانی جیت لیا، مین آف دی میچ، سعود قرار پاے جنہوں نے سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے چھپ٘ن ناٹ آوٹ رنز بناے،

کاشف خان کی پُر مزاح کمینٹری نے بھی سماں باندھے رکھا، آرگنائزر اظہر قاسمی کا کہنا تھا کہ وہ اس ایونٹ کے لئے خاص طور پر امریکہ سے آے ہیں اور اس کا مقصد پاک یو ای ثقافتی رشتوں کو مضبوط سے مضبوط تر کرنا ہے، وننگ ٹرافی لینے کے لئے کپتان فیصل قریشی اسٹیج پر آے تو خوب تالیاں بجیں ، ویرات کوہلی جیسے ہیئر اسٹائل میں فیصل بہت دلکش لگ رہے تھے، انہوں نے کہا کہ دراصل کپتان سعود تھے مگر عین وقت پر یہ بھاری ذمہ داری انہوں نے میرے کندھوں پر ڈال دی،میچ کے دوران میلے کا سا سماں

رہا،شائقین کی جتنی دلچسپی فنکاروں کو کھیلتا دیکھنے میں تھی، اتنی ہی تن دہی سے وہ اپنے پسندیدہ اسٹارز کے آٹوگراف لینے میں بھی سرگرداں تھے، مشہور بین الاقوامی سنگر علی قُلی مرزا کی لائیو پرفارمنس نے بھی اس میلے کی رونقوں کو چار چاند لگاے، آخر میں کھلاڑیوں کے روپ میں فنکاروں کی پذیرائی کے لئے مختلف اسپانسرز کی جانب سے انہیں بھاری بھرکم تحائف بھی پیش کئے گئے، خاص طور پر قیمتی اسکوٹر ز کا تحفہ پا کر فنکاروں کی خوشی دیدنی تھی۔