خواتین کا ٹیکنیکل، ووکیشنل تربیت حاصل کرنا خوش آئند ہے، سلمان اسلم

خواتین مردوں کے شانہ بشانہ قومی ترقی میں کردار ادا کرسکتی ہیں، صدر کاٹی
گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ برائے خواتین کورنگی اور لانڈھی کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب
کراچی (     )ٹیکنیکل یا ووکیشنل ایجوکیشن کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال ہمارا پڑوسی ملک چین ہے،  جو مینوفیکچرنگ اوربرآمدات میں دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔یہ بات  کورنگی ایسوسی ایشن آف  ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ برائے خواتین کورنگی اور لانڈھی میں بحیثیت مہمان خصوصی کامیاب طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر  گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ لانڈھی کی پرنسپل وحیدہ ارشد، انچارج وحید النساء اور گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کورنگی کی انچارج فوزیہ عابد بھی موجود تھیں ۔صدر کاٹی سلمان اسلم نے کہا کہ  صرف طلبا کو ہی نہیں ، طالبات کو بھی اب ٹیکنیکل یا ووکیشنل تربیت کا ضرور سوچنا چاہیے۔ جس کے پاس ہُنر اور قابلیت ہے وہ ہر  طرح اپنے گھر کا کفیل اور بازو بن کے اپنے اہل خانہ کا معاشی بوجھ اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل کورسز اپنی ذہنی صلاحیت اور دلچسپی کے تحت حاصل کرنا چاہئے۔ ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیم کے ساتھ ساتھ کسی بھی شعبے کا  ہنر حاصل کرنا بھی بہت ضروری ہے۔سلمان اسلم نے اسناد حاصل کرنے والی طالبات سے کہا کہ اب  خواتین کا   بھی تعلیم کے ساتھ ووکیشنل ایجوکیشن پر توجہ دینا خوش آئند ہے کیونکہ پاکستانی خواتین بھی  مردوں کے شانہ بشانہ قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں ۔تقریب کے اختتام پر گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ لانڈھی کی پرنسپل وحیدہ ارشد، انچارج وحید النساء اور گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کورنگی کی انچارج فوزیہ عابدنے صدر کاٹی کوپھولوں کاگلدستہ بھی پیش کیا۔
 
فوٹو کیپشن:  کاٹی کے صدر سلمان اسلم گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ برائے خواتین کورنگی کامیاب طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کر رہے ہیں۔اس موقع پر کورنگی اور لانڈھی کی انچارج فوزیہ عابد اوروحید النساء   اور دیگربھی موجود ہیں۔