عدالت سے تحفظ کے لئے سیف ہاؤس منتقل کرنے کا حکم ملنے کے بعد خاتون وکیل اپنی موکلہ کو بریانی کھلانے مارکیٹ لے گئیں جہاں اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، ایسی صورتحال میں خاتون وکیل نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور اسپیڈ سے گاڑی کو دوڑا دیا

میرپورخاص(تحسین احمد خان)عدالت سے تحفظ کے لئے سیف ہاؤس منتقل کرنے کا حکم ملنے کے بعد خاتون وکیل اپنی موکلہ کو بریانی کھلانے مارکیٹ لے گئیں جہاں اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، ایسی صورتحال میں خاتون وکیل نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور اسپیڈ سے گاڑی کو دوڑا دیا اور تیز رفتاری سے احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی جسکے نتیجے میں وکیل کی گاڑی ایک کار سے ٹکراگئی اور دو راہگیر بھی زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم روڈ کی رہائشی خاتون نذیراں اُجن نے اپنے شوہر محمد سلیم مری سے تحفظ کے لئے فرسٹ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی اپنی خاتون وکیل نورالامین کے ذریعے درخواست دائر کی تھی جس پرعدالت نے نذیراں اُجن کو سیف ہاؤس منتقل کرنے کا حکم دیا اس دوران وومن پولیس کی عدم موجودگی میں وکیل اپنی موکلہ کو کھانا کھلانے کے لئے مارکیٹ چوک لے گئیں جاں ان پر دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی اس دوران خاتون وکیل بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور اپنی گاڑی کو تیز رفتاری سے دوڑاتی ہوئی احاطہ عدالت میں داخل ہوگئی تیز رفتاری کے باعث انکی گاڑی ایک کار سے بھی ٹکرائی اور دو راہگیر بھی کار کی زد میں آکر زخمی ہوگئے اطلاع ملنے پر وومن پولیس عدالت پہنچی جہاں انہوں نے نذیراں اُجن کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا جبکہ خاتون وکیل کے میرپورخاص کے وکلا بار روم میں لے گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا پولیس کے مطابق حملہ ہونے والی جگہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جسکے بعد مقدمے کا اندراج ہوگا٭٭