کورونا کے باعث انسان مر رہے ہیں اور نیازی حکومت ڈرامہ بازی میں مصروف ہے، شازیہ مری

*اسد عمر میں اہلیت ہوتی تو انہیں وزیر خزانہ کے عہدے سے برطرف نہ کیا جاتا، شازیہ مری*

مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث انسان مر رہے ہیں اورنیازی حکومت ڈرامہ بازی میں مصروف ہے، سندھ حکومت کو اپنے شہریوں کی صحت اور زندگی عزیز ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے بیان پر اسد عمر کا رد عمل حقیقت کے منافی اور غیرزمیدارانہ ہے ،اسد عمر میں اہلیت ہوتی تو انہیں وزیر خزانہ کے عہدے سے برطرف نہ کیا جاتا، ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔ شازیہ مری نے مزید کہا ہے کہ معیشت انسانی صحت سے مشروط ہےاگر ملک میں لوگوں کی صحت بہتر ہوگی تو معاشی سرگرمیاں اور معیشت بھی مستحکم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ قوم حکومت سے پوچھتی ہے کہ کورونا کے حوالے سے ملنے والے پیسے کہاں ہیں ۔ شازیہ مری نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے ملک پر نالائقوں کی حکومت مسلط ہے اور اگر کورونا وبا پھیلی اور خدانہ خواستہ بھارت جیسے حالات ہوئے تو ذمہ دار عمران خان ہونگے، یہ ایک المیہ ہے کہ عمران نیازی کو کسی چیز کی سمجھ نہیں اور وہ ملک کے اہم عہدے پر مسلط کیئے گئے ہیں ۔