کرینہ کی کتاب کی مقبولیت – شائع ہونے سے قبل ہی یہ ایمیزون کی بیسٹ سیلر لسٹ میں شامل


گزشتہ ہفتے حمل کے موضوع پر اپنی کتاب “ پریگنینسی بائبل” کی اشاعت کا اعلان کرنے والی اداکارہ کرینہ کپور کو کتاب کے عنوان نے مشکل میں ڈال دیا۔

کتاب دوران حمل اداکارہ کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جس میں انہوں نے خود کو درپیش اچھے و برےتجربات کی تفصیلات بتانے کے ساتھ ساتھ جذباتی و جسمانی احساسات بھی بیان کیے ہیں۔

بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق عیسائی برادری کے ایک گروہ نے کتاب کے عنوان پر اعتراض کرتے ہوئے اپنے مذہبی جذبات مجروح ہونے پر کرینہ کے خلاف مہاراشٹرا میں شکایت درج کروائی ہے۔

پولیس کے مطابق فی الحال ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔

کرینہ نے 9 جولائی کو کی جانے والی انسٹا پوسٹ “پریگنینسی بائبل “ کا عنوان بتاتے ہوئے اسے اپنا تیسرا بچہ قرار دیا تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کانسیپٹ سے لیکر تکمیل تک یہ کتاب بہت سے حوالوں سے میرے تیسرے بچے جیسی ہے۔یہ گائناکولوجسٹ سے منظور شدہ ہے۔ اداکارہ نے کتاب میں حاملہ خواتین میں مارنگ سک نیس، ایکسرسائز اور بچے کی نرسری کی پلاننگ سے متعلق بھی بتایا ہے۔

کرینہ کی کتاب کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ شائع ہونے سے قبل ہی یہ ایمیزون کی بیسٹ سیلر لسٹ میں شامل ہوچکی ہے۔

اکیس ستمبر سال 1980 میں پید اہونے والی کرینہ نے فلمی کیریئرکاآغاز جون 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم “ریفیوجی” سے کیا تھا جس میں ان کے مقابل ابھیشک بچن تھے۔

کرینہ اور سیف علی خان کی شادی سال 2012 میں ہوئی تھی جس سے ان کے 2 بیٹے ہیں۔ اداکارہ کے دوسرے بیٹے کی پیدائش فروری 2021 میں ہوئی تھی

کرینہ کپور کوکتاب کامتنازع عنوان مہنگا پڑا