ژالے سرحدی نے ایوارڈز شو پر سوال کر دیے

پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلموں کی معروف اداکارہ ژالے سرحدی نے حالیہ انٹرویو کے دوران ایوارڈز شو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی ساکھ پر سوال کھڑے کر دیے۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے مختلف ایوارڈز شو میں چند گنے چنے اداکاروں کو ہی بیک ٹو بیک ایوارڈز دیئے جانے کی حقیقت کا انکشاف کیا۔

اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ژالے سرحدی نے کہا کہ میں نے ایک بات سیکھ لی ہے کہ جو بھی چیز چاہیے ہو، اُس کے لیے مانگنا پڑتا ہے، چاہے وہ تعریف یا ایوارڈز ہی کیوں نہ ہو، اکثر فنکار ایوارڈز تک مانگتے ہیں، انہیں مل بھی جاتا ہے اور بعض تو ایوارڈز کے لیے پیسے بھی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اب تک ایوارڈ اس لیے تو نہیں ملا کیونکہ میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں، مجھے یہ نہیں معلوم کہ کتنے پیسے چاہیے لیکن میں نے سنا ہے کہ ایسا ہوتا ہے اور تمام ایوراڈز شو میں ہوتا ہے۔ اسی لیے ایسے ایوارڈز کی کوئی ساکھ نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ایوارڈ شوز اجتماعی طور پر ہونے چاہئیں، چینلز کا صرف اپنے اپنے ہی اداکاروں کو ایوارڈ دینا معتبر نہیں، ایک واقعہ ایسا بھی پیش آیا کہ ایک اداکار نامزد تھا، مگر ایوارڈ کسی اور کو دے دیا گیا، صرف اس لیے کہ نامزد اداکار تقریب میں موجود نہیں تھا۔