اسلام آباد میں عوامی مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت متعارف

نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کی جانب سے اسلام آباد میں عوامی مقامات پر مفت وائی فائی فراہم کی جائے گی، تاہم صارفین کو نیٹ ورک استعمال کرنے سے پہلے اپنی شناخت کی تصدیق کرنی ہوگی۔

این ٹی سی کے مطابق نئے نظام کے تحت مفت وائی فائی استعمال کرنے والے صارفین کو اپنا نام اور موبائل نمبر فراہم کرنا ہوگا، ہر کنکشن کا ریکارڈ رکھا جائے گا تاکہ معلوم ہو سکے کہ کون صارف کس جگہ پر وائی فائی استعمال کر رہا تھا، یہ قدم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور ممکنہ سائبر خطرات سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔

مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس زیادہ رش والے علاقوں میں نصب کیے جائیں گے، جن میں میٹرو بس اسٹیشنز، مرکزی تجارتی علاقے اور دیگر عوامی مقامات شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تیز تر نفاذ کے لیے این ٹی سی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

عہدیداروں نے زور دیا کہ شناخت کی تصدیق صارفین کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ عوامی نیٹ ورکس کے تحفظ کے لیے بھی لازمی ہے۔ یہ منصوبہ حکومت کی ڈیجیٹل رسائی بڑھانے اور اسلام آباد میں مضبوط سائبر سیکیورٹی قائم رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔