دبئی کی سڑکوں پر فری فوڈ وینڈنگ مشینوں کا آغاز

دبئی کی سڑکوں پر مفت گرم کھانا فراہم کرنے والی مشینیں نصب کر دی گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دبئی کے اوقاف فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چلنے والے ادارے نے بتایا کہ مفت گرم کھانا فراہم کرنے والی مشینیں 2022 میں شروع کیے گئے منصوبے خبز السبیل کا حصہ ہے۔ جس کے تحت ضرورت مندوں اسمارٹ مشینوں کے ذریعے مفت تازہ روٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفت کھانا فراہم کرنے والی مشینوں کا ڈیزائن جدید ہے۔ جس میں آسان استعمال کے لیے ڈیجیٹل اسکرین موجود ہے۔ مشینوں میں کھانے کی تازگی برقرار رکھنے کے لیے کولنگ سسٹم بھی نصب ہے۔

صارفین کے لیے اسمارٹ شناختی نظام متعارف کیا گیا ہے۔ جس کے تحت ہر شخص روزانہ ایک کھانا حاصل کر سکے گا۔ تاکہ تقسیم میں انصاف برقرار رہے اور زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اوقاف دبئی کے سیکرٹری جنرل علی المطوع نے کہا کہ یہ مشینیں دبئی کی کئی مساجد کے نزدیک نصب کی گئی ہیں۔ جبکہ آئندہ ضرورت کے مطابق مزید علاقوں میں ان کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد وقف کے نظام کو جدید اور پائیدار بنانا ہے۔ تاکہ امداد باوقار اور آسان طریقے سے مستحقین تک پہنچائی جائے۔