نمازِ استسقاء کے بعد گزشتہ روز مسجد الحرام میں تیز بارش ہو گئی۔
ہفتے کو نمازِ فجر کے بعد شروع ہونے والے بارش کے سلسلے کے باوجود عمرہ زائرین و عبادت گزاروں نے طواف جاری رکھا اور عبادت بھی کرتے رہے یہ روح پرور مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔
صرف مکہ مکرمہ میں ہی نہیں بلکہ اس سے قبل مدینہ منورہ میں بھی موجود مقامی رہائشیوں کے ساتھ ساتھ عمرہ زائرین کو بارش کے دوران نمازِ جمعہ ادا کرنے کا موقع ملا۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودیہ عرب کے مختلف شہروں جن میں مکّہ، مدینہ، عسیر اور دارالحکومت ریاض شامل ہیں، میں حالیہ دنوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
حدِ نگاہ کم ہونے کے سبب سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے اپیل کی ہے کہ بارش کے موسم میں انتہائی احتیاط سے گاڑی چلائیں، تیز رفتاری اور تیز موڑ کاٹنے سے گریز کریں، اور اپنے آگے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔
سعودی نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی نے مزید شدید بارشوں کا انتباہ جاری کر رکھا ہے۔























